کھیل و ثقافت

ڈبلن ٹسٹ جیت کا نوالہ نگلنے میں پاکستان کی مشکل

ڈبلن ٹیسٹ میں فتح کا تر نوالہ پاکستانی گلے میں اٹکنے لگا، آئرلینڈ نے فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹ پر 319رنز اسکور کرلیےڈبلن ٹیسٹ میں فالوآن کے بعد 180رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والے آئرلینڈ نے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے 64رنز بنائے تھے،پیر کو ایڈ جوائس 39اور ولیم پورٹر فیلڈ23کے انفرادی اسکور کے ساتھ کریز پر آئے۔
پاکستان کو پہلی کامیابی تیسرے ہی اوور میں مل گئی،سنگل کیلیے کوشاں ایڈ جوائس کو فہیم اشرف کے مڈوکٹ سے شاندار ڈائریکٹ تھرو نے کریز تک پہنچنے کی مہلت نہ دی، اوپنر نے 43رنز بنائے، محمد عباس نے اینڈی بالبرینی کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی ایل بی ڈبلیو کردیا،انھوں نے ڈیبیو پر پیئرکی شرمندگی اٹھاتے ہوئے پویلین کی راہ لی،مجموعی اسکور 93تک پہنچا تھا کہ محمد عامر نے نیل اوبرائن(18)کی بیلز فضا میں بکھیر دیں،اگلا شکار بھی پیسر نے کیا۔ولیم پورٹر فیلڈ32رنز بناکر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے،کیون اوبرائن ابتدا میں ہی خوش قسمتی سے وکٹ محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئے،شاداب خان کی ایک گیند بیٹ کا اندرونی کنارا چھوتی ہوئی اسٹمپس کے انتہائی قریب سے گزر گئی،لنچ تک آئرلینڈ نے 4وکٹ پر123رنز بنائے تھے،وقفے کے بعد محمد عباس کی شاندار ان سوئنگر پر پال اسٹرلنگ ایل بی ڈبلیو ہوگئے،ان کی اننگز صرف11رنز تک محدود رہی۔پہلی باری میں انجری کی وجہ سے نویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے گیری ولسن اس بار ساتویں بیٹسمین کے طور پرمیدان میں آئے، وہ12کے انفرادی اسکور پر محمد عامر کی 100ویں وکٹ بن گئے، سلپ میں موجود حارث سہیل نے کیچ لینے میںکسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا،اسٹورٹ تھامپسن کو6 رنز پر ایک موقع ملا،راحت علی کی گیند پر سرفراز احمد نے ڈائیو لگانے کے باوجود ایک مشکل موقع گنوا دیا۔اننگزکے76ویں اوور میں آئرلینڈ کا خسارہ ختم اور سبقت کا آغاز ہوا جس کے بعد کیون اوبرائن نے ملک کیلیے پہلی ففٹی بنانے والے بیٹسمین کا اعزاز اپنے نام کے آگے درج کرایا، پاکستان نے میزبان بیٹنگ لائن کا جلد صفایا کرنے کا عزم لیے نئی گیند طلب کرلی،چائے کے وقفے تک میزبان ٹیم نے 6وکٹ پر212رنز بناکر32کی برتری حاصل کرلی تھی۔آخری سیشن میں بھی آئرش جوڑی نے مہمان بولرز کے صبر کا امتحان لینا جاری رکھا،محمد عامر،راحت علی اور شاداب خان کے تمام حملے بے کار جاتے رہے،اسٹورٹ تھامپسن کی ففٹی اور کیون اوبرائن کے ساتھ سنچری شراکت ایک ساتھ مکمل ہوئی،محمد عباس بولنگ کیلیے آئے تو بیٹسمین تھوڑا پریشان ہوئے،اس کا فائدہ شاداب خان نے اٹھاتے ہوئے گھومتی گیند پر اسٹورٹ تھامپسن(53)کی بیلز فضا میں بکھیر دیں،ساتویں وکٹ کیلیے114رنز کی شراکت ختم ہونے پر پاکستان ٹیم نے سکھ کا سانس لیا۔لیگ اسپنر نے نئے بیٹسمین ٹائرون کین کیلیے مشکلات پیداکیں لیکن وکٹ لینے میں کامیابی نہ حاصل ہوسکی،کیون اوبرائن نے آئرلینڈ کی تاریخ میں پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا،انہوں نے یہ سنگ میل 186گیندوں پر عبور کیا،انھیں111کے انفرادی اسکور پر موقع ملا جب محمد عامر کی گیند پر پوائنٹ فیلڈر شاداب خان مشکل کیچ نہ تھام سکے۔آئرلینڈ نے دن کا اختتام 7وکٹ پر 319رنز اور 139کی برتری کے ساتھ کیا،کیون اوبرائن 118اور ٹائرون کیمرون8پر ناٹ آئوٹ رہے، محمد عامر3،محمد عباس2 اور شاداب خان ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، راحت علی ایک بار پھر تاثر چھوڑے میں ناکام رہے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔آئرش اننگز منگل کو میچ کے آخری روز جلد ختم ہو بھی گئی تو غیر مستقل مزاجی کیلیے مشہور گرین کیپس کیلیے ہدف کا تعاقب بڑا چیلنج ثابت ہوگا،بیٹنگ کرتے ہوئے ایک انجانا خوف اس کے سرپر سوار رہے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close