کھیل و ثقافت

ابوظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں 153 رنز پر آؤٹ

ابوظہبی: نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔  ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ پاکستانی بولرز نے غلط ثابت کر دیا۔

پاکستانی بولرز نے اننگز کی ابتدا سے ہی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پوری کیویز ٹیم کو 153 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے صرف کپتان کین ولیم سن ہی پاکستانی بولرز کو کسی حد تک سمجھ سکے اور 63 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

ولیم سن کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر تک نہ رہ سکا اور وقفے وقفے سے نیوزی لینڈ ٹیم اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بلال آصف 13 اوورز میں 33 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

قبل ازیں ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اگر وہ بھی ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔

پاکستانی ٹیم امام الحق، محمد حفیظ، اظہرعلی، حارث سہیل، بابراعظم، اسد شفیق، کپتان سرفراز احمد، حسن علی، بلال آصف، محمد عباس اور یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن گروئن انجری سے صحت یاب ہو کر اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ اعجاز پٹیل اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔

کیویز ٹیم جیت راول، ٹام لیتھم، کپتان کیس ولیمسن، روس ٹیلر، ہینری نیکلسن، کولن ڈی گرینڈہوم، نیل واگنر، اعجاز پٹیل، ٹرینٹ بولٹ اور ایش سودھی پر مشتمل ہے۔

پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔

دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جبکہ 21 میچ ڈرا رہے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم اس فارمیٹ میں نا تجربہ کار ہے، ہمیں سب سے زیادہ خطرہ عباس اور یاسر شاہ کی بولنگ سے ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close