Uncategorizedپاکستان

جہلم میں عمران خان کے جلسے میں لوگ کیوں نہیں آئے؟ فواد چوہدری نے ایسی وجہ بتادی کہ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی درگت بناڈالی

جہلم : پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جہلم میں کیا جانے والا جلسہ مکمل طور پر فلاپ ہوگیا جس کے باعث سوشل میڈیا پر پارٹی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کم لوگوں کو دیکھ کر جہاںعمران خان نے اپنا خطاب مختصر کردیا وہیں فواد چوہدری اپنے حلقے میں ناکام جلسے پر وضاحتیں پیش کرتے نظر آئے اور کہا کہ ناگزیر وجہ سے راستہ تبدیل کیے جانے کی وجہ سے ہزاروں لوگ جلسہ گاہ میں نہیں پہنچ سکے۔لیکن سوشل میڈیا صارفین نے ترجمان پی ٹی آئی کی ایک نہیں سنی اور ان کی وہ درگت بنائی کہ انہوں نے سوچا بھی نہ ہوگا۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کے حلقے میں بدھ کی سہہ پہر عمران خان نے جلسہ کیا لیکن جلسے کے شرکا کی تعداد انتہائی مایوس کن رہی جس کی وجہ سے عمران خان صفائیاں پیش کرتے رہے۔ اپنے خطاب کے دوران جہلم جلسے میں کم لوگ دیکھ کر عمران خان نے کہا ’ابھی لوگ جلسے میں آرہے ہیں، ہم جلدی آگئے کیونکہ بد قسمتی سے ہیلی کاپٹر مغرب کے بعد اڑ نہیں سکتا اس لیے جلدی بات کر رہا ہوں‘۔

فواد چوہدری نے ناکام جلسے کو بھی کامیاب قرار دیا اور اہلیان جہلم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ” شکریہ جہلم۔۔اس شدید حبس میں آپ نے پاکستان کے مستقبل کے وزیر اعظم عمران خان کا جس طرح استقبال کیا اس کی مثال نہیں ملتی، میں ان ہزاروں دوستوں سے انتہائی معذرت خواہ ہوں جو آخری وقت میں ناگزیر وجہ سے راستہ تبدیل کئے جانے کی وجہ سے جلسہ گاہ نہیں پہنچ سکے“۔

فواد چوہدری کی انوکھی منطق پر سوشل میڈیا صارفین انتہائی بے رحمی کے ساتھ ان کی وہ درگت بنائی کہ الامان الحفیظ۔ عاطف توقیر نے لکھا کہ جہلم والوں کو بھی یہی شکایت ہوگی کہ پی ٹی آئی نے آخری وقت میں راستہ کیوں تبدیل کیا۔ انہوں نے فواد چوہدری کو تنبیہہ کی کہ جیسا راستہ تبدیل ہوا ویسے ہی آخری وقت میں لوگ رائے بھی تبدیل کرسکتے ہیں۔

سعدیہ خان نامی پی ٹی آئی کارکن نے جلسے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔

ذہان خان نے جلسے کی ایک سیلفی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اتنے لوگ تو کراچی میں آزاد امیدوار بھی اکٹھے کرلیتا ہے۔

خالد محمود نے جہلم والوں کا اس بات پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو اوقات یاد دلادی ۔

عصمت ملک نے فواد چوہدری کی بات کو درست قرار دیا اور ایک ویڈیوشیئر کی جس میں جلسہ گاہ کے علاوہ سٹیج کی خالی کرسیاں عمران خان کا منہ چڑاتی نظر آرہی تھیں۔ انہوں نے ناقدانہ انداز میں کہا کہ واقعی ایسے استقبال کی مثال نہیں ملتی۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا ایک جلسہ نیچے ہوتا ہے اور دوسرا جلسہ سٹیج پر ہوتا ہے لیکن جہلم کے جلسے میں سٹیج کی کرسیاں بھی مکمل طور پر خالی نظر آئیں جن پر عمران خان اور فواد چوہدری سمیت 5 سے 7 لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔

مناہل ایمان نے فواد چوہدری کو انٹرنیشنل لوٹا قرار دیا اور انہیں مسترد کرنے پر جہلم والوں کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر رومان خان وزیر نے فواد چوہدری کو کامیاب جلسہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور عامر لیاقت کی طرف بات منسوب کرتے ہوئے کہا کہ جلسے میں بندے اس لیے کم نظر آرہے تھے کیونکہ کوریج چاند سے ہورہی تھی۔ ابو احمد نے اس بات کو مزید آگے بڑھایا اور کہا کہ چاند پر جلسے کی کوریج کیلئے صرف ایک کیمرہ تھا اور وہ بھی زوم نہیں ہوتا تھا۔

مریم نے اوبامہ اور ہیلری کلنٹن کی ایک تصویر شیئر کرکے فواد چوہدری کا ٹھٹھہ اڑایا۔شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی اہلیہ نے بھی جلسے پر تبصرہ کیا اور کہا ” بات کروڑوں کی ، دکان پکوڑوں کی "۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close