دنیا

دمشق میں حضرت بی بی زینب کے مزار کے قریب خودکش حملہ، 16 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

دمشق: شامی دارالحکومت دمشق میں حضرت زینبؓ کے مزار کے قریب خودکش حملے میں 16 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  شام کے دارالحکومت دمشق میں حضرت بی بی زینبؓ کے مزار کے قریب علاقے زینبیہ میں ایک کار بم دھماکے میں 16 افراد جاں بحق جب کہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ۔ شام کی سرکاری خبر ایجنسی  کے مطابق زینبیہ میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا اور خود کش بمبار نے بارودی مواد سے بھری کار کوعلاقے میں قائم ایک ملٹری چیک پوسٹ پر ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کار بم دھماکا حضرت بی بی زینبؓ کے مزار سے 700 میٹر دور ایک فوجی چیک پوسٹ پر ہوا جو رہائشی علاقے میں قائم ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں بم حملے میں 70 جب کہ فروری میں حضرت بی بی زینبؓ کےمزار کے قریب بم دھماکوں میں 134 افراد جاں بحق ہوگئے تھے  اور دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close