دنیا

افغانستان میں الیکشن کمیشن آفس پر بم حملہ، 2 افراد ہلاک

جلال آباد: افغانستان میں الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر کے نزدیک دھماکے میں دو افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جلال آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے نزدیک زور دار دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے میں 2 افراد کے ہلاک اور 4 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

گورنر جلال آباد کے ترجمان آیت اللہ خغیانی کا کہنا ہے کہ دھماکا آج صبح 11 بجے ہوا۔ دھماکے کے وقت الیکشن کمیشن آفس کے باہر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی جو اُن امیدواروں کے حق میں مظاہرہ کر رہے تھے جن کے کاغذات نامزدگی دہشت گروں سے تعاون رکھنے کے الزام میں مسترد کردیے گئے تھے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد جمع کر لیے ہیں تاہم ابھی دھماکے کی نوعیت کا علم نہیں ہو سکا ہے۔ الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ رواں ماہ کے اوائل میں کابل میں الیکشن کمیشن دفتر کے باہر بھی دھماکا ہوا تھا جس میں ایک اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close