بلاگ

غازی فورس میں نہ جاتے تو کھاتے کہاں سے

جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان مزاری میں واقع کچے کے علاقے کے رہائشی 25 سالہ رحیم داد (فرضی نام) ان درجنوں مقامی نوجوانوں میں سے ہیں جو سنہ 2007 میں ’غازی فورس‘ کے رکن بنے تھے۔

یہ تنظیم اسلام آباد میں لال مسجد آپریشن میں اسی مسجد کے نائب خطیب عبدالرشید غازی کی ہلاکت کے بعد ان کے نام پر تشکیل دی گئی تھی اور بعد ازاں اسے کالعدم بھی قرار دے دیا گیا تھا

رحیم داد کا کہنا ہے کہ وہ اس تنظیم میں کسی دینی جذبے کے تحت نہیں بلکہ اپنے خاندان کا مالی سہارا بننے کے لیے شامل ہوئے تھے۔

کچھ عرصہ قبل وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان سے اپنے آبائی علاقے میں واپس آنے کے بعدکہانی سناتے ہوئے رحیم داد کا کہنا تھا کہ عبدالرشید غازی کی ہلاکت کے بعد اُن کے نام پر غازی فورس بنانے کے اعلانات علاقے میں لال مسجد کے زیر انتظام مدارس میں اعلانات کیے گئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ان مدارس کے ذمہ داران مختلف علاقوں میں جا کر وہاں کے نوجوانوں اور اُن کے والدین کو اس بات پر آمادہ کرتے رہے کہ وہ اس فورس میں شامل ہو جائیں اور اس سے ’ان کی دنیا اور آخرت بہتر ہو جائے گی۔‘

رحیم داد کے مطابق اُن سمیت اس فورس میں شامل ہونے والے افراد کی اکثریت مذہبی رجحان نہیں رکھتی تھی اور غالب امکان یہی ہے کہ ان کی طرح مالی آسودگی کی امید ہی اس کا محرک بنی ہوگی۔

اُنھوں نے بتایا کہ تنظیم کے لوگوں کی طرف سے اس فورس میں شمولیت پر مالی معاونت کی پیشکش پر جب انھوں نے اپنے گھر کے حالات سامنے رکھے تو یہ فیصلہ ان کے لیے زیادہ مشکل نہ رہا۔

رحیم داد کا کہنا تھا کہ اس فورس میں شمولیت کے بعد پانچ برس سے زیادہ کے عرصے میں انھوں نے نہ صرف غازی فورس کی ترویج کے لیے کام کیا بلکہ مختلف نوعیت کا اسلحہ چلانے کی تربیت اور کمانڈو تربیت بھی حاصل کی۔

اُن کے مطابق اس عرصے میں اُن کے گھر کی کفالت اس فورس کے کرتا دھرتاؤں کے ذمے تھی اور اسی دوران اُن کی دو بہنوں کی شادی بھی غازی فورس کے ذمہ داران نے کی۔

اس سوال پر کہ انھوں نے غازی فورس کب اور کیوں چھوڑی، رحیم داد کا کہنا تھا کہ جب قبائلی علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں تیز ہوئیں اور ان کے ساتھیوں نے افغانستان کا رخ کیا تو وہ واپس اپنے گھر آ گئے۔

کالعدم تنظیم میں شامل علاقے کے دیگر افراد کے بارے میں رحیم داد کا کہنا تھا کہ ان میں سے پانچ افراد کے بارے میں معلوم ہوا تھا کہ وہ پاک افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے تھے۔

پاکستان کے خفیہ اداروں کا بھی کہنا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے بعد غازی فورس سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کی ایک قابل ذکر تعداد افغانستان کے علاقوں میں روپوش ہوئی ہے۔

خفیہ اداروں کے مطابق روجھان مزاری میں بھی اس تنظیم کے ارکان موجود ہیں تاہم وہ اس پوزیشن میں نہیں کہ کوئی بڑی کارروائی کر سکیںغازی فورس کی موجودگی اور سرگرمیوں کے بارے میں جبلال مسجد کے سابق خطیب اور مولانا عبدالرشید غازی کے بڑے بھائی مولانا عبدالعزیز سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ روجھان مزاری اُن کا آبائی علاقہ ضرور ہے تاہم غازی فورس نامی کسی تنظیم کے اس علاقے میں کام کرنے کے بارے میں وہ لاعلم ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر کسی چاہنے والے ان کے بھائی کے نام پر اگر کوئی تنظیم بنائی ہے تو اس بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔

مولانا عبدالعزیز کا یہ بھی کہنا تھا کہ عراق اور شام میں بھی اُن کے بھائی کے نام پر تنظیمیں کام کر رہی ہیں تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اُنھوں (عبدالعزیز) نے ایسی تنظیمیں بنانے کے بارے میں کہا ہے۔

لال مسجد کے سابق خطیب کا کہنا تھا کہ اُن کے آبائی علاقے میں 30 مدارس ہیں جہاں 700 کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں اور اس علاقے میں ایک بھی پرائمری سکول موجود نہیں ہے۔

اس علاقے سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی عاطف مزاری نےبتایا کہ تحصیل روجھان مزاری کا علاقہ کچے کے علاقے پر مشتمل ہے تاہم یہاں کے لوگوں کا شدت پسندی کی طرف رجحان نہ ہونے کے برابر ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالعزیز اور اُن کا خاندان 30 سال پہلے اس علاقے سے چلا گیا تھا اور ان کی نئی نسل بہت کم اس علاقے میں آتی ہے اس لیے اب اس علاقے میں مولانا عبدالعزیز اور ان کے خاندان کا اثر و رسوخ بہت کم ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close