Featuredبلاگ

پاکستان کو سعودی بیل آؤٹ پیکیج ملنے کے اثرات آنا شروع

رپورٹ: میثم عابدی

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو بیل آؤٹ پیکیج ملنے کے بعد مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ سعودی امدادی پروگرام پر بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست جوش و خروش کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے حصص کی خریداری میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 38 ہزار اور 39 ہزار کی نفسیاتی حدوں کو عبور کرتے ہوئے 1500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 39271 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا، جبکہ 87.52 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی وجہ سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں بھی 2 کھرب 53 ارب 59 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ منگل کو سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لئے امدادی پروگرام کی منظوری کے پس منظر میں بدھ کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ابتداء سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری کی گئی، جس کی وجہ سے پہلے گھنٹے میں ہی انڈیکس 1 ہزار پوائنٹس بڑھ گیا، بعد میں بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا۔

جس کے سبب کے ایس ای 100 انڈیکس 38 ہزار اور 39 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں اور ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع انڈیکس 39296 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا، بعد میں معمولی کریکشن ہوئی، لیکن زبردست تیزی کے اثرات کاروبار کے اختتام تک چھائے رہے اور ٹریڈنگ ختم ہونے پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1556.22 پوائنٹس کے اضافے سے 39271.12 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 801.23 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 18872.79 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 935 پوائنٹس اضافے سے 28925.72 پوائنٹس ہوگیا۔ مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 2 کھرب 53 ارب 59 کروڑ 32 لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 77 کھرب 21 ارب 97 کروڑ 88 لاکھ روپے سے بڑھ کر 79 کھرب 75 ارب 57 کروڑ 20 لاکھ روپے ہوگیا۔ گذشتہ روز 8 ارب مالیت کے 33 کروڑ 36 لاکھ 41 ہزار شیئرز کی لین دین ہوئی، جبکہ اس کے مقابلے میں 6 ارب روپے مالیت کے 22 کروڑ 39 لاکھ 37 ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا، اس لحاظ سے کاروباری حجم بھی بہتر رہا۔ گذشتہ روز مجموعی طور پر 425 کمپنیوں کا کاروبار ہوا، جس میں سے 372 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 46 میں کمی اور 7 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے رفحان میظ کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت 327.05 روپے کے اضافے سے 6883 روپے رہے، جبکہ انڈس موٹرز کے حصص کی قیمت 63.55 روپے کے اضافے سے 1334.60 روپے ہوگئی۔ سب سے زیادہ کمی انڈس ڈائنگ کے حصص کے بھاؤ میں ہوئی، جو 26.49 روپے کی کمی سے 503.50 روپے ہوگئی، جبکہ پاک ٹوبیکو 17.12 روپے کی کمی سے 2335.64 روپے ہوگئی۔ کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے کے الیکٹرک، بینک آف پنجاب، لوٹی کیمکل، نیمر ری سنز، آزگارڈ نائن، میڈیا ٹائمز، کوہ نور اسپننگ، ڈیسکون آکسی چیم، پاور سیمنٹ اور ستارہ پیرو ایکسائیڈ نمایاں رہے۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت اثرات غالب رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب سے بڑا پیکج ملنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب اگر آئی ایم ایف کے پاس گئے بھی تو اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قرضوں کی قسطیں واپس کرنی تھیں، جس کی وجہ سے ہم پر بوجھ پڑ گیا تھا اور اگر ہم براہ راست آئی ایم ایف کے پاس چلے جاتے تو اس سے عوام پر مزید دباؤ بڑھ جاتا، لیکن اللہ کا شکر ہے کہ سعودی عرب سے بڑا زبردست پیکج مل گیا ہے۔

وزیراعظم نے "زبردست پیکج” دینے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب اگر ہم آئی ایم ایف سے قرضہ لیں گے بھی تو اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرض کے لئے مزید دو دوست ممالک سے بھی بات چل رہی ہے، اگر معاملات طے ہوگئے تو امید ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر کم سے کم بوجھ پڑے گا۔ گذشتہ قرضوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 1971ء میں پاکستان کا کل قرضہ 30 ارب تھا، جو 2008ء تک 6 ہزار ارب تک پہنچ گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2008ء سے اب تک حکومت پر 30 ہزار ارب کا قرضہ ہوگیا ہے، ہم سابق حکومتوں کے لئے ہوئے قرضے اتار رہے ہیں۔ مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پر تنقید کرنے والی جماعتوں کو شرم آنی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج گردشی قرضہ 1200 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، سابق حکومت ورکرز کا ویلفیئر فنڈ بھی کھا گئی، پاکستان اسٹیل میں بھی ورکرز کے پیسے کھا گئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close