تجارت

مویشیوں کی فروخت اور آن لائن قربانی کے رجحان میں سال بہ سال اضافہ

کراچی: پاکستان میں انٹرنیٹ کے ذریعے قربانی کے جانور کی فروخت اور آن لائن قربانی کے رجحان میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے۔ انٹرنیٹ صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد بالخصوص موبائل انٹرنیٹ کی سہولت عام ہونے کے باعث اب قربانی کا فریضہ بھی آسان ہوگیا ہے۔ روایتی طریقے میں مویشی منڈی کا رخ کرکے اپنی پسند کے گائے بکرے کا انتخاب ایک مشکل عمل ہے تاہم انٹرنیٹ نے اب یہ مشکل بھی آسان کردی ہے اور قربانی کا فریضہ ادا کرنے والے گھر بیٹھے ہی اپنے موبائل فون کے ذریعے جانور خرید سکتے ہیں اور قربانی میں بھی حصہ ڈال سکتے ہیں۔

اس ضمن میں متعدد ویب سائٹس گزشتہ کئی سال سے کام کررہی ہیں تاہم اس سال سماجی رابطے کی ویب سائٹس اور کلاسیفائیڈ اشتہار چلانے والی کمپنیوں کی ویب سائٹس پر بھی قربانی کے جانوروں اور اجتماعی قربانی کے اشتہارات کی بھرمار ہے۔ بڑے کیٹل فارمز نے فیس بک پر اپنے پیج بنالیے ہیں جن کے ذریعے جانورں کی نمائش اور آئندہ سال کے لیے پیشگی آرڈرز وصول کیے جا رہے ہیں۔

قربانی کے جانور اور اجتماعی قربانی کی سہولت فراہم کرنے والی ویب سائٹ بکرا آن لائن پر ایک سال کی عمر کے خوبصورت بکرے وزن اور نسل کے لحاظ سے 27 ہزار سے 41ہزار 500 روپے تک میں فروخت کیے جارہے ہیں جن کی خصوصی تصاویر بھی ویب سائٹس پر موجود ہیں۔

یہ کمپنی راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی لاہور اور فیصل آباد میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ یہ کمپنی پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ملکوں میں مقیم مسلمانوں کے لیے بھی قربانی کی خصوصی سہولت فراہم کرتی ہے اور بکروں کے علاوہ گائے بیل اور اونٹ بھی فروخت کیے جاتے ہیں اور اجتماعی قربانی بھی کی جاتی ہے۔ یہ کمپنی ادائیگی کی بھی تمام جدید اور ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کررہی ہے جن میں ویسٹرن یونین، منی گرام، بینک ٹرانسفر، پے پال اور منی بکرز جیسی آن لائن منی ٹرانسفر کی سہولت بھی فراہم کررہی ہے۔

آن لائن قربانی کے رجحان کو فروغ دینے والی ایک اور ویب سائٹ قربانی آن لائن کے ذریعے بھی قربانی کے جانور فروخت کررہی ہے۔ ویب سائٹ کی زیادہ توجہ بیرون ملک مقیم مسلمانوں کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔ ویب سائٹ کے ذریعے 25کلو گرام وزن کا بکرا 210 ڈالر میں فروخت کیا جارہا ہے جس کی گھروں یا مخصوص پتے پر گوشت کی ڈلیوری کے لیے 25ڈالر اور اس سے زائد کے چارجز الگ وصول کیے جارہے ہیں۔

مذکورہ ویب سائٹ قربانی کا گوشت خیراتی اداروں یا دیے گئے پتے پر ارسال کرتی ہے۔ یہ ویب سائٹ قربانی کے گوشت کی ڈلیوری صرف کراچی میں کرتی ہے۔ قربانی کے وقت جانور کو ذبح کرنے اور گوشت کی ڈلیوری کی تصاویر ای میل کے ذریعے ارسال کی جاتی ہیں۔ مذکورہ ویب سائٹ کے ذریعے گائے میں قربانی کا ایک حصہ 110سے 120ڈالر میں ڈالا جاسکتا ہے۔

آن لائن قربانی کی سہولت اور قربانی کے جانور فروخت کرنے والی ایک اور سرفہرست ویب سائٹ عید قربانی ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے قیمت کے لحاظ سے مناسب ویب سائٹ ہے جس کے ذریعے اوسط وزن کا بکرا 16ہزار روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ بچھڑوں کی قیمت 65 ہزار سے ایک لاکھ 68ہزار روپے تک درج ہے۔ کمپنی قربانی کے جانور گھروں تک مفت ڈلیور کرتی ہے جبکہ بیرون ملک مقیم مسلمانوں کی جانب سے قربانی اور گوشت کی تقسیم کی ذمے داری بھی ادا کی جاتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close