تجارت

قومی شاہراہوں کی تعمیر کا 5 سالہ منصوبہ تشکیل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک کے دور افتادہ علاقوں تک رسائی کو آسان بنانے اور شہریوں کو سفری سہولتوں کی فراہمی کیلیے بڑے پیمانے پر آئندہ 5 سال کیلیے قومی شاہراہوں کی تعمیر کا منصوبہ تشکیل دے دیا ہے۔

آئندہ 5 سال کے دوران ملک بھر میں 11 کھرب 32 ارب 31 کروڑ روپے لاگت کے نئے شاہراہوں کے منصوبے شروع کیے جائیں گے جب کہ 2018-23تک کے ترقیاتی پلان کے مطابق این ایچ اے کی جانب سے ملک بھر میں 5ہزار 336کلومیٹر ہائی ویز کی تعمیر اور ان کو دوریہ کرنے کے علاوہ 2 ہزار 405کلومیٹر موٹر ویزاور ایکسپریس ویز کی تعمیر،7بڑے پل اور 7ٹنل تعمیر کیے جائیں گے۔

ایکسپریس کو موصول ایک دستاویز کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) 2018-23 کے پانچ سالہ ترقیاتی پلان کے تحت ملک بھر میں مجموعی طور پر11 کھرب 32 ارب 31 کروڑ روپے کے منصوبے شروع کرے گا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کے لیے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام فنڈ (پی ایس ڈی پی) میں 319ارب روپے رکھے گئے ہیں اور موجودہ دور حکومت میں قومی شاہراہوں کی تعمیر میں مرمت کیلیے سابقہ ادوار حکومت سے کئی گنا زیادہ فنڈز مختص کیے جارہے ہیں، اگر مالی سال 2012-13 کا پی ایس ڈی پی دیکھا جائے تو اس میں شاہراہوں کے منصوبوں کے لیے محض 63ارب رکھے گئے تھے۔ مالی سال 2017-18 تک نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پی ایس ڈی پی میں مجموعی طور پر 400 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک میں شاہراہوں کی تعمیر ومرمت کیلیے 2018سے 2023تک کے 5سالہ ترقیاتی پلان کی منظوری بھی گزشتہ دنوں ایگزیکٹو بورڈ سے لی ہے۔ ایکسپریس کو موصول دستاویز کے مطابق مالی سال 2017-18میں اب تک جاری اسکیموں کے پی سی ون کی لاگت کا تخمینہ 13کھر ب 31ارب 98کروڑ روپے ہے اور پی ایس ڈی پی کے تحت نئی اسکیموں کی لاگت کا تخمینہ 11کھرب 3ارب 20کروڑ روپے ہے۔

رواں مالی سال کی ان جاری اور نئی اسکیموں پر جون 2017تک مجموعی طور پر 5کھر ب 23ارب 88کروڑ 46لاکھ روپے خر چ کیے جاچکے ہیں جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے 2013-18 اور 2018-23 کے پانچ سالہ پلان کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 35کھر ب 67ارب 49ارب 88کروڑ روپے بنتا ہے اور اگر صرف 2018-23کے پانچ سالہ پلان کی بات کی جائے تو ان پانچ سالوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی لاگت کا تخمینہ 11کھر ب 32ارب 31 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

2013-18اور 2018-23 کے پانچ سالہ منصوبوں کے تحت ملک بھر میں 5ہزار 336کلومیٹر ہائی ویز کی تعمیر اور ان کو دوریہ کیا جائے گا۔ 2ہزار 405کلومیٹر موٹر ویزاور ایکسپریس ویز کی تعمیر کی جائیگی 7بڑے پل اور 7ٹنل بنائے جائیں گے جبکہ 3ہزار646کلو میٹرہائی ویز موٹر ویز کی مرمت و بحالی کا کام کیا جائیگا۔ ان شاہراہوں میں متعدد شاہراہیں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کے فریم ورک کے تحت بھی تعمیر کی جائیں گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close