تجارت

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان تاریخی اہمیت کا حامل ہے، ایس ایم منیر

کراچی: یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی سعودیہ کے اہم ترین سرمایہ کاروں کے ہمراہ پاکستان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور سعودی پرنس کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، جبکہ دیگر ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

بزنس کمیونٹی کے وفد سے گفتگو میں ایس ایم منیر نے کہا کہ سعودی عرب کے پرنس کی پاکستان آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں تقریباً 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان خوش آئند ہے، اس سرمایہ کاری سے ملک میں روزگار اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہونگے، سعودی ولی عہد کے حالیہ دورے سے پاکستان کو 14 ارب ڈالرز اور گوادر میں آئل ریفائنری حاصل ہوگی جس سے پاکستان کی معیشت مزید مضبوط ہوگی اور ملک میں روزگار کے وسائل پیدا ہونگے اور ساتھ ہی دیگر ممالک بھی سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان کا رخ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت دیگر برادر ممالک سے تعلقات میں بہتری وزیراعظم عمران خان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور وہ ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے جو محنت کررہے ہیں اس میں بزنس کمیونٹی انکے ہمراہ قدم ملا کر چل رہی ہے، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے دور رس نتائج برآمد ہوں گے، ملکی معیشت میں بہتری آئیگی۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا احترام پاکستان کا ہر فرد کرتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا مشکل حالات میں ساتھ دیا ہے، شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے اور اس دورے سے پاکستان اور سعودیہ کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ برسوں کے کٹھن حالات کے بعد پاکستان کا مشکلات سے نکلنے کا سفر شروع ہوگیا ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کی کامیابیوں کے حق میں بھی آوازیں بلند ہونے لگی ہیں، پاکستان کو سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی مدد بھی دستیاب ہے،

یہ حقیقت ہے کہ آج کا پاکستان چند ماہ پہلے کے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط ہے کیونکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھنے کے واضح امکانات ہیں، جبکہ بیرون ممالک مارکیٹوں تک پاکستان کی رسائی آسان ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی پرنس کے ساتھ پاکستان کے دورے پر آنے والے سرمایہ کار دیگر شعبوں کی حامل انڈسٹریز میں بھی شراکت دارانہ سرمایہ کاری کا جائزہ لیں کیونکہ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close