تجارت

اسٹیٹ بینک نے افغان مہاجرین کیلئے اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دیدی

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے دیگر بینکوں اور فنانس انسٹیٹیوشنز (ڈی ایف آئیز) کو افغان مہاجرین کیلئے اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دیدی۔ ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے اجازت کے بعد افغان مہاجرین کو اس سلسلے میں نادرا کی جانب سے جاری پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ مرکزی بینک کی ہدایات کے بعد افغان مہاجرین کو بینکنگ سروس سے استفادہ کرنے کا موقع ہاتھ آجائے گا جس سے وہ گذشتہ دہائیوں سے محروم رہے تھے۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین اب اپنے لئے بینک اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں اور یہ ان کیلئے سروس سے استفادہ کرنے کا پہلا موقع ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کے پاس موجود پی او آر بائیو میٹرک ویری فیکیشن سروس کیلئے شناختی کارڈ کی طرح قابل استعمال ہے اور اسی کے ذریعے بینک اور ڈی ایف آئیز اکاؤنٹس کھولنے کیلئے نادرا سے ان کی تصدیق کی جائے گی۔

دوسری جانب نیشنل بینک کے ایک سابق صدر نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے حکومت کو افغان مہاجرین کی معاشی سرگرمیوں پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ افغان مہاجرین بھی اب اپنے بینک اکاؤنٹس کھول سکیں گے اور یہ کہ یہ فیصلہ بہت پہلے کرلینا چاہیئے تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close