تعلیم و ٹیکنالوجی

کم ڈیٹا استعمال کرنے والا، ہلکا پھلکا ’ٹویٹر لائٹ‘

کیلیفورنیا: ٹویٹر نے حال ہی میں اپنا لائٹ ورژن متعارف کرایا ہے جو قدرے ہلکا پھلکا ہے اور اصل ورژنز کے مقابلے میں نصف ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ اس کا مقصد ایسے علاقوں میں ٹویٹر کا استعمال بڑھانا ہے جہاں ایک جانب تو موبائل انٹرنیٹ مہنگا ہے یا پھر وہاں موبائل انٹرنیٹ کی سہولیات بہت ناقص ہیں۔

 ٹویٹر کے اس ہلکے ورژن کو ٹویٹر لائٹ کا نام دیا گیا ہے جس کا حجم صرف 3 میگابائٹس ہے اور یہ عام ٹویٹر کے مقابلے میں نصف ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ اس کے ذریعے ویڈیوز، پوسٹس اور ٹویٹس ازخود ڈاؤن لوڈ نہیں ہوتیں بلکہ اس کا فیصلہ یوزر کرتا ہے جس سے ڈیٹا کی بچت ہوتی ہے۔

دو ماہ تک فلپائن میں اس کی کامیاب آزمائش کی گئی اور ماہرین کے مطابق اس سے ٹویٹر استعمال کرنے والوں کی تعداد میں ڈرامائی اضافہ ہوا ہے۔

ٹویٹر لائٹ ویب براؤزر کی طرح کام کرتا ہے لیکن یہ یکساں طور پر ٹویٹر ایپ کی طرح دکھائی دیتا ہے تاہم یہ صرف ایک تصویر کے برابر جگہ گھیرتا ہے۔ فلپائن میں متعارف کرانے کے بعد وہاں ٹویٹر استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ بھی دیکھا گیا جو حیرت انگیز امر ہے۔

ٹویٹر کمپنی کے مطابق اگر کہیں ٹو جی اور تھری جی سروس بھی چل رہی ہو تو وہاں بھی یہ ایپ بہت اچھی طرح کام کرتی ہے اور یہ فیصلہ دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹ کی کامیابی کے بعد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 2015 میں فیس بک لائٹ متعارف کرایا گیا تھا اور بھارت کے لیے کم ڈیٹا خرچ کرنے والی یوٹیوب ایپ بھی تیار کی گئی تھی۔ سال 2016 کے اختتام تک دنیا بھر میں ٹویٹر استعمال کرنے والوں کی تعداد 30 کروڑ سے تجاوز کرچکی تھی جو 2015 کے مقابلے میں تو چار گنا زیادہ ہے لیکن اس کا فیس بک سے کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ اسے اب ایک ارب نوے کروڑ افراد استعمال کرتے ہیں۔

ٹویٹر پراڈکٹس کے نائب صدر کائتھ کولمین کے مطابق نئے ٹویٹر لائٹ سے لوگ تیزرفتار، کم خرچ اور بہتر انداز میں ٹویٹر استعمال کرسکیں گے۔ اس کے لیے ایپ میں بہت سی تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں براؤزر کا سا انداز اور پوسٹس کے ازخود ڈاؤن لوڈ نہ ہونے کا آپشن قابلِ ذکر ہیں۔ اگر ڈیٹا سیونگ کا فیچر آن کردیا جائے تو ٹویٹر کا استعمال ہونے والا ڈیٹا 70 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

جن 24 ممالک میں یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے ان میں پہلے فلپائن میں آزمائش کی گئی ہے جبکہ الجیریا، بنگلا دیش، بولیویا، برازیل، چلی، کولمبیا، کوسٹا ریکا، ایکواڈور، مصر، اسرائیل ، قازقستان، میکسیکو، ملائیشیا، نائیجیریا، نیپال، پناما، پیرو، سربیا، ایل سلواڈور اور دیگر ممالک میں ٹیوٹر لائٹ متعارف کرایا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close