تعلیم و ٹیکنالوجی

فیس بک پر آپ کی تصویر پوسٹ ہونے پر خبردار کرنے والا سافٹ ویئر

فیس بک پر روزانہ کروڑوں تصاویر کو اپ لوڈ کیا جاتا ہے مگر دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ اب صارفین کے لیے ‘جادو’ کرنے والی ہے۔ فیس بک نے اب چہرے شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کو اتنا بہتر بنالیا ہے کہ اب اس سائٹ پر اگر کوئی صارف ایسی تصویر اپ لوڈ کرتا ہے، جس میں آپ بھی موجود ہو، تو وہ چاہے آپ کو ٹیگ نہ بھی کرے تو بھی آپ کو نوٹیفکیشن کے ذریعے اس امر سے آگاہ کردیا جائے گا۔

یعنی ٹیگ کرنے کے آپشن کو آپ نے بند کر بھی رکھا ہو تو بھی اب اس طریقے سے بچنا ناممکن ہے۔ نوٹیفکیشن کے بعد صارف کی مرضی ہوگی کہ وہ اس تصویر میں خود کو ٹیگ کردے یا فیس بک کو رپورٹ کردے، اگر وہ آپ کو نامناسب لگے تو۔

یہ فیچر پروفائل فوٹوز کے ساتھ بھی کام کرے گا تاہم کینیڈا یا یورپی یونین ممالک میں دستیاب نہیں ہوگا۔ فیس بک کے مطابق یہ نیا ٹول صارفین کی بہتری کے لیے بنایا گیا ہے جنہیں آن لائن تصاویر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

فیس بک کے مطابق ہم طویل عرصے سے اس طرح کے پرائیویسی فیچر کے بارے میں سوچ رہے تھے، اگر کوئی آپ کی ایسی تصویر شائع کرے، جس کا آپ کو علم نہ ہو تو اب ایسا ممکن نہیں ہوگا۔

فیس بک کا کہنا تھا کہ اس سے لوگوں کو ایسی تصاویر کو یاد کرنے کا موقع ملے گا جو وہ بھول چکے ہوں گے اور ہاں یہ تو واضح ہے کہ اس کا مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فیس بک سے جوڑے رکھنا اور ان کے آن لائن وقت کو بڑھانا ہے۔

فیس بک نے گزشتہ ہفتے ایک تحقیق میں اعتراف کیا تھا کہ اس سائٹ پر بے مقصد وقت گزارنا لوگوں کو ناخوش کرتا ہے۔ تاہم اسی تحقیق میں اس کا حل یہ بتایا گیا تھا کہ اس سائٹ پر متحرک رہنا جیسے لوگوں کو میسجز کرنا، پوسٹس لائیک کرنا اور پرانے وقت کو یاد رکھنا شخصیت کو بہتر بناتا ہے۔

تاہم یہ نیا ٹول لوگوں کے لیے مددگار بھی ثابت ہوگا خاص طور پر اگر کوئی اجنبی کسی غلط مقصد کے لیے تصویر پوسٹ کرے تو اس کو پھیلنے سے روکا جاسکے گا۔ یہ نیا فیچر صارفین اپنی پرائیویسی سیٹنگز کے ذریعے ایکٹیو کرسکیں گے یا ٹرن آف کرسکیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close