تعلیم و ٹیکنالوجی

فیس بک اب بند آنکھوں والی تصاویر کو ازخود درست کرے گی

کیلیفورنیا: کسی یادگار تصویر میں کسی ایک کی بھی آنکھ بند ہوجائے تو پوری تصویر کا اثر زائل ہوجاتا ہے۔ اسی طرح صرف چہرے کی تصاویر میں بھی بسا اوقات آنکھیں بند ہوجانے سے پوری تصویر خراب ہوجاتی ہے۔ اگرچہ ایڈوبی فوٹوشاپ ایلیمنٹس جیسے پروگرام اس نقص کو درست کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن فیس بک نے ایک بالکل نئے طریقے سے اس مسئلے کے حل کی جانب کوشش شروع کردی ہے۔

فیس بک ریسرچ کے ایک ریسرچ پیپر میں کہا گیا ہے کہ اس نے مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس) کے تحت نیورل نیٹ ورک سافٹ ویئر بنایا ہے جو تصویر میں بند آنکھوں کو کھول سکتا ہے۔ یہ پروگرام کھلی آنکھوں والی پوری تصویر سے ڈیٹا حاصل کرتا ہے۔ اس تکینک کو ’جنرل ایڈورسریئل نیٹ ورک‘ (جی اے این) کا نام دیا گیا ہے۔

اس طرح ایک بند آنکھوں والے شخص کی دیگر تصاویر سے مجموعی ڈیٹا حاصل کیا جاتا ہے جن میں کھلی آنکھ کی بناوٹ، شناختی علامات اور بال وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے بعد ایک اور عمل پینٹنگ کے ذریعے تصویر کے بند پپوٹوں پر اصل آنکھ بنائی جاتی ہے۔ اس طرح تصویر ہوبہو اصل دکھائی دیتی ہے اور بند آنکھ کھل جاتی ہے جسے شناخت کرنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔

فیس بک نے کہا ہے کہ سافٹ ویئر کے ابتدائی نتائج بہت اچھے برآمد ہوئے ہیں اور یہ کمال جدید الگورتھم کا ہے جو تصویر کو مکمل اور مؤثر بناتا ہے۔ فیس بک نے مزید کہا ہے کہ عین اسی طرح کا الگورتھم میوزک کی پیش گوئی کےلیے بھی بنایا جارہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close