تعلیم و ٹیکنالوجی

ایوی ایشن کی دنیا میں ہیلی کاپٹر نما جہاز کی انٹری کی تیاری

ہیلی کاپٹر کی طرح اڑنے والا ‘ٹلٹ روٹر ایئر کرافٹ’ لیکن رفتار میں تیز اور دیر تک اڑتے رہنے والا  جہاز اب عام استعمال کے لیے بھی مارکیٹ میں آنے کے لیے تیار ہے۔

اس سے ملتے جلتے جہاز ملٹری کے استعمال میں کئی برسوں سے ہیں لیکن اب پہلی دفعہ ایک ماڈل جہاز شہریوں کے استعمال جیسے طبی مدد، تلاش اور بچاؤ کے آپریشنز اور اداروں یا ذاتی سطح پر اعلیٰ افسران کے سفر کے لیے خریدے جا سکیں گے۔

اس جہاز کو اترنے کے لیے کسی ائیر پورٹ کی ضرورت نہیں بلکہ یہ کسی بھی ہیلی پیڈ پر اتر سکتا ہے۔

اس جہاز کے ذریعے انسانی جسم کے عطیہ شدہ اعضاء کو وقت بچاتے ہوئے مطلوبہ مقام پر پہچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس جہاز سے نیچی پرواز کرتے ہوئے زمین پر لوگوں کی تلاش با آسانی کی جا سکتی ہے اور انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ اس نئی ایجاد سے وقت اور زندگیاں دونوں بچ سکتی ہیں۔

عام استعمال کے لیے پہلے ٹلٹ روٹر AW609 کی تیاری امریکا میں اٹلی سے تعلق رکھنے والی کمپنی لیونارڈو کی مدد سے کی جا رہی ہے۔

کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق چلتا رہا تو طیارے کے لیے ایوی ایشن کا سرٹیفکیٹ اس سال کے آخر تک مل جائے گا اور 2020 کے آغاز میں اس کی سروس شروع کر دی جائے گی۔

لیونارڈو ہیلی کاپٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر گیان پیرو کٹیلو نے اٹلانٹا میں ہونے والے ہیلی کاپٹر ایسوسی ایشن انٹرنیشنل ٹریڈ شو میں سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اس میں 9 مسافروں اور عملے کے دو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

دونوں پروں کے آخر میں ٹربو پروپ پروپلر انجن لگائے گئے ہیں جن کی مدد سے جہاز کو منڈلانے، اڑنے، پرواز بھرنے اور نیچے اترنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ جہاز 25،000 فٹ کی بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایوی ایشن انڈسٹری کے تجزیہ نگار رچرڈ ابو لافیہ کا کہنا ہے کہ ریگولیٹرز ایسے جہازوں کا بہت قریب سے جائزہ لیں گے لیکن وہ کسی بھی ایسے جہاز کو سرٹیفکیٹ نہیں دیں گے جو محفوظ نہیں ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ائیر پلین کم ہیلی کاپٹر عام استعمال کے لیے اپنی نوعیت کے پہلے جہاز ہوں گے، اس لیے صنعت کو نئے ریگولیٹری معیار دیکھنے ہوں گے۔

کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اس جہاز کی متعدد امتحانی پروازیں کی گئی ہیں جن کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

اس جہاز کی قیمت ڈھائی کروڑ ڈالر کے قریب ہو گی جو کہ عام روایتی ہیلی کاپٹر کی قیمت سے بھی دگنی ہے۔

متحدہ عرب امارات نے تلاش اور بچاؤ آپریشنز کے لیے ابھی سے تین AW609 کا آرڈر دے رکھا ہے لیکن پہلا کسٹمر امریکا سے تعلق رکھنے والا ایرا گروپ ہو گا جسے یہ دو جہاز اگلے سال مل جائیں گے۔ جہاز کے ساتھ کمپنی کو جہاز اڑانے کی تربیت بھی دی جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close