انٹرٹینمنٹ

رنبیر سے بیٹی کے تعلق کی خبریں، سری دیوی پھٹ پڑیں

ممبئی: ماضی کی مس ہوا ہوائی، مشہور فلم پروڈیوسر بونی کپور کی دوسری بیوی، فلمسٹار ارجن کپور کی سوتیلی ماں اور حال کی ورسٹائل اداکارہ سری دیوی نے اپنی بیٹی جھانوی کپور اور رنبیر کپور میں تعلق کے بارے میں خبروں پر بالآخر اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔ بھارتی میڈیا میں آج کل یہ خبر زیر بحث ہے کہ جھانوی کپور گزشتہ دنوں فلم ڈائریکٹریس گوری شنڈے کی جانب سے دی گئی ایک پارٹی میں رنبیر کپور کا پیچھا کرتے دیکھی گئی تھیں جبکہ اس خبر کی بنیاد پر بالی ووڈ میں طرح طرح کی باتیں بنائی جارہی ہیں۔

مگر یوں لگتا ہے جیسے سری دیوی کے صبر کا پیمانہ آخرکار لبریز ہو گیا ہے اور اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ جھانوی نے خود ان سے کہا تھا کہ وہ اس طرح کی خبروں سے بہت پریشان ہے۔ اپنی بیٹی کی پوزیشن واضح کرتے ہوئے سری دیوی کا کہنا تھا کہ اس پارٹی میں وہ بھی جھانوی کے ساتھ تھیں اور ایسا کچھ بھی نہیں ہوا جیسا خبروں میں بتایا جا رہا ہے۔

سری دیوی نے ایک بار پھر اپنی بیٹی کے فلم انڈسٹری میں آنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جب جھانوی نے ان کے سامنے خبروں سے متعلق اپنی پریشانی کا اظہار کیا تو انہوں نے جواب میں کہا، ’’ہماری دنیا میں خوش آمدید، اب اس طرح کی باتیں سننے کے لیے تیار رہو۔‘‘

سری دیوی نے کہا کہ وہ جھانوی کو اداکارہ بنانا نہیں چاہتی تھیں بلکہ ان کی خواہش تھی کہ ان کی بیٹی جلد از جلد اپنا گھر بسا لے۔ سری دیوی نے شکایتی انداز میں کہا کہ آج کل کے بچے اپنی سوچ کے مطابق ہی چلتے ہیں اور شروع میں انہوں نے جھانوی کو بہت سمجھایا کہ ایکٹنگ ایک سخت پیشہ ہے جو بہت قربانی مانگتا ہے لیکن اس نے سری دیوی کی ایک نہیں سنی۔ بالآخر مجبور ہو کر انہوں نے جھانوی کو فلموں میں کام کی اجازت دے دی اور اب وہ بونی کپور کے ساتھ مل کر اسے سپورٹ بھی کر رہی ہیں۔

خبروں کے مطابق جھانوی نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ مراٹھی فلم ’’سیراٹ‘‘ کے ہندی ری میک میں اداکاری سے ابتداء کر سکتی ہیں۔ اس فلم میں شاہد کپور کے سوتیلے بھائی ایشان کھٹر ان کے مدمقابل ہوں گے جو اس سے پہلے ایرانی ڈائریکٹر ماجد مجدی کی فلم ’’بیونڈ دی کلاؤڈز‘‘ میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ریلیز ہونے والی مراٹھی فلم ’’سیراٹ‘‘ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے اور یہ 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرنے والی پہلی مراٹھی فلم بھی بن گئی تھی۔ اسی وجہ سے کرن جوہر نے اس کا ہندی ری میک اپنے ’’دھرما پروڈکشنز‘‘ کے تحت بنانے کا فیصلہ جبکہ اس فلم کی ہدایت کاری ششانک کھیتان کر رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close