انٹرٹینمنٹ

سوناکشی سنہا نے وارنٹ گرفتاری والی خبروں کی تردید کردی

سوناکشی سنہا نے ان خبروں کو ’خالص افسانہ‘ قرار دے دیا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے خلاف فراڈ کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

سوناکشی سنہا نے اپنے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ان خبروں کو ’خالص افسانہ‘ قرار دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، سوناکشی سنہا نے آج ایک باضابطہ بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے مبینہ فراڈ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی افواہوں کی تردید کی ہے۔

سوناکشی نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کی خبروں کو نہ پھیلائیں جوکہ صرف اداکارہ کو ہراساں کرنے کے لیے بنائی جارہی ہیں ۔

اداکارہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ’میڈیا پر ان کے خلاف ناقابلِ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی افواہیں بغیر کسی حکام سے تصدیق کروائے چلائی جارہی ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’یہ صرف ایک افسانہ ہے اور ایک بدمعاش آدمی کا کام ہے جوکہ اُنہیں ہراساں کرنے کی کوشش کر رہا ہے‘۔

اُنہوں نے میڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ’وہ تمام میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور نیوز رپورٹرز سے درخواست کرتی ہیں کہ وہ اس جعلی خبر کو نہ پھیلائیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہ معاملہ مراد آباد کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اس میں اسٹے آرڈر دیا ہوا ہے اور ان کی قانونی ٹیم اس توہین عدالت پرضروری کارروائی کرے گی۔‘

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دو روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سوناکشی سنہا پر دہلی میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے 37 لاکھ روپے کا معاوضہ وصول کرنے کے باوجود تقریب میں شرکت نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آرگنائزر، پرمود شرما مراد آباد کا رہنے والا ہے اور اس نے سوناکشی سنہا کے منیجر کو ادا کی گئی رقم واپس حاصل کرنے کی بار بار ناکام کوششوں کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی۔

سوناکشی کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے مراد آباد آئی تھیں، تاہم وہ بعد میں منظر سے غائب ہوگئیں جس کی وجہ سے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیا گیا۔

 

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close