انٹرٹینمنٹ

رنویر اور دپیکا کے ایک ساتھ سیر سپاٹے

ممبئی: رام لیلا اور باجی راؤ مستانی جیسی فملوں سے بالی ووڈ میں اپنا مقام بنانے والے اداکار رنویر سنگھ 32 برس کے ہو گئے اور اپنی سالگرہ کے موقع پر انہوں نے دوست اداکارہ دپیکا پڈوکون کو نئی چمچماتی گاڑی میں سیر سپاٹا بھی کرایا۔ بالی ووڈ میں رنویر اور دپیکا کی دوستی اور پھر ناراضگی کی خبریں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، گزشتہ برس اس قسم کی خبریں میڈیا پر زیر گردش رہیں کہ دونوں نے خاموشی سے منگنی کر لی ہے جبکہ رواں برس کے اوائل میں بھارتی میڈیا نے ہی دونوں اداکاروں کی راہیں جدا ہونے کی خبریں شائع کیں لیکن اب ایک بار پھر دونوں اداکاروں کے درمیان دوستی ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے اپنی 32 ویں سالگرہ پر خود کو نئی گاڑی کا تحفہ دیا اور یہ گاڑی بھی برطانوی کارساز کمپنی آسٹن مارٹن کا نیا ماڈل تھا جو انہیں بے حد پسند ہے۔ رنویر سنگھ اپنی نئی گاڑی پر سب سے پہلے جس اداکارہ کو سیر سپاٹے پر لے جاتے دیکھے گئے وہ کوئی اور نہیں بلکہ رام لیلا اور باجی راؤ مستانی میں ان کی ہیروئن بننے والی دپیکا پڈوکون تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون ایک بار پھر ایک دوسرے کے قریبی دوست بن گئے ہیں اور انہیں کئی مواقعوں پر ایک ساتھ دیکھا جاچکا ہے۔ رنویر کی سالگرہ کے موقع پر بھی دونوں کو ساتھ دیکھا گیا۔ ممبئی میں اپنی نئی گاڑی میں دپیکا کے ساتھ ڈرائیو کرنے کے بعد رنویر سنگھ اور دپیکا کو ایک بنگلے میں جاتے ہوئے دیکھا گیا جو ممکنہ طور پر رنویر سنگھ کی رہائش گاہ تھی جہاں ان کی سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا اور شوبز کے دیگر ستارے بھی موجود تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close