انٹرٹینمنٹ

فنکاروں کا اچانک اپنی مصروفیات ترک کرنے کا اعلان، کئی کے فون بھی بند، سوشل میڈیا پر SwitchedOff # ٹیگ کا استعمال

لاہور: 90ء کی دہائی کے بعد روبہ زوال ہونے والی فلم انڈسٹری کی بحالی کی کوششیں جاری تھیں اورفلمی صنعت سے وابستہ لوگ بہت مصروف نظر آ رہے تھے لیکن اچانک ماحول میں کچھ ایسی پراسراریت درآئی ہے کہ فلم ہی نہیں، ماڈلنگ اور ٹی وی سے وابستہ فنکار بھی کسی انجانے خوف کا شکار ہو کر خلوت نشینی اختیار کر رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کئی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر SwitchedOff #کا ہیش ٹیگ دیکھا گیا جس کے تحت وہ حیلے بہانے سے اپنی شوبز کی سرگرمیوں سے وقتی کنارہ کشی کا اعلان کرتے نظر آئے۔

اس ہیش ٹیگ کے تحت سپر ماڈل و اداکارہ مہرین سید نے تو اپنا موبائل فون بند کرکے اپنے حلقۂ احباب ہی سے قطع تعلقی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے انسٹاگرام اور ٹوئیٹ پر لکھا کہ ’’میں اپنے فون سے بہت اکتا گئی ہوں۔ اب اسے بند کرنے کا وقت آ گیا ہے۔‘‘حیرت کی بات ہے، دنیا کے لیے انٹرنیٹ کے خبط سے نجات پانا مشکل ہو رہا ہے اور مہرین سید نے اپنا موبائل فون تک بند کر دیا ہے۔

 

اسی طرح ماڈل و اداکارہ فیروز خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ پر لکھا کہ ’’اب مجھ میں ’جم‘ جانے کی ہمت نہیں رہی۔ آج سے جم جانا بند۔‘‘ ہے ناں پراسراریت!آخر ایسا کیا ہوا ہے کہ فیروز خان میں اتنی توانائی نہیں رہی کہ جم جا کر ورزش ہی کر سکیں جس کے یہ ماڈل و اداکار بہت شوقین بھی ہوتے ہیں۔

اداکارہ مہوش حیات صبح کے وقت جاگنگ اور ورزش کرنے کی عادی ہیں لیکن گزشتہ ہفتے اسی ہیش ٹیگ کے تحت انہوں نے بھی اپنی یہ عادت ترک کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ ’’میں جاگنگ کی عادت سے اکتا گئی ہوں۔ بس بہت ہو گئی۔‘‘

اداکارہ منال خان حالیہ کچھ عرصے سے پیپسی کولا کی تشہیری مہم میں حصہ لے رہی تھیں اور باقاعدگی سے سوشل میڈیا پر اپنی سیلفیاں بھی پوسٹ کرتی رہتی تھیں لیکن اچانک انہوں نے بھی دنیا سے قطع تعلق کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے ہیش ٹیگ ’SwitchedOff #‘کے تحت لکھا ہے کہ ’’میں طویل نیند لینا چاہتی ہوں لہٰذا کچھ وقت کے لیے دنیا سے رابطہ منقطع کرنے جا رہی ہوں۔‘‘

اداکارہ انوشے اشرف نے بھی اپنی ایک حالیہ پوسٹ میں اسی پراسراریت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’آج کل مجھے سوچنے سمجھنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ یہ صرف میرے ساتھ ہی ہو رہا ہے یا ہر ایک کے ساتھ؟‘‘

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا ان تمام فنکاروں نے گزشتہ ہفتے کے دوران ایک ساتھ SwitchedOff  # ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے ایسی پوسٹس کیوں کیں؟ آخر وہ کون سا خوف ہے جس نے ان کی توانائیاں سلب کر لیں ہیں اور یہ اپنی کچھ پسندیدہ سرگرمیوں سے بھی اکتا گئے ہیں؟شاید آئندہ کچھ دنوں میں اس راز سے پردہ اٹھ جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close