انٹرٹینمنٹ

منشیات کیس سے آریان خان کا نام خارج

بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے آریان خان کا نام منشیات کیس سے خارج کردیا۔

آریان خان کو انسداد منشیات فورس نے 3 اکتوبر 2021 کو منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے الزام میں دوستوں کے ہمراہ ایک کروز سے گرفتار کیا تھا۔

آریان خان کو گرفتاری کے بعد کم از کم 27 دن تک جیل میں رکھا گیا تھا اور ابتدائی طور پر اننسداد منشیات فورس نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے سے منشیات برآمد ہوئی ہے۔

چار ہفتوں تک جیل میں رکھنے کے بعد نارکوٹکس فورس نے اکتوبر کے اختتام پر آریان خان کو ضمانت پر جیل سے رہا کیا تھا، جس کے بعد ان کے کیس کا ٹرائل عدالت میں جاری تھا۔

تاہم اب انسداد منشیات فورس نے یوٹرن لیتے ہوئے آریان خان کا نام مذکورہ کیس سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ ان سے تو منشیات برآمد ہی نہیں ہوئی تھی۔

خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق نارکوٹکس فورس نے عدالت میں جمع کرائے گئے تازہ چالان سے آریان خان اور ان کے ایک دوست موہک کا نام خارج کردیا۔

انسداد منشیات فورس نے دونوں کا نام خارج کرتے ہوئے چارج شیٹ میں اعتراف کیا ہے کہ مذکورہ دونوں افراد سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی۔

اسی حوالے سے ’انڈیا ٹوڈے‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ منشیات برآمد کرنے کے کیس میں آریان خان سمیت گرفتار کیے گئے دیگر ملزمان کے خلاف عدالت میں پیش کی گئی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کو کلیئر کردیا گیا جب کہ ان سمیت دیگر 6 افراد پر کسی طرح کا کوئی مقدمہ بھی دائر نہیں ہوگا۔

ساتھ ہی نارکوٹکس فورس نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ کیس میں ملوث 19 میں سے باقی تمام ملزمان کے خلاف منشیات رکھنے کی دفعات کےتحت کیس دائر ہوگا اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

آریان خان کی وجہ سے مذکورہ کیس بھارت کا ہائی پروفائل کیس بن گیا تھا اور اس کی خبریں عالمی میڈیا کی شہ سرخیوں کی زینت بھی بنی تھیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close