انٹرٹینمنٹ

قندیل بلوچ کا کردار میری زندگی کی ذمہ داری بن چکا ہے، صبا قمر

پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کی زندگی پر بننے والی ڈرامہ سیریل ’’باغی‘‘ آئندہ ہفتے شروع ہورہی ہے جس میں نامور اداکارہ صبا قمر مرکزی کردارادا کررہی ہیں۔ ڈرامہ سیریل کا ٹریلر جاری ہوتے ہی شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ٹریلرمیں قندیل بلوچ کی گاؤں اور شہر دونوں کی زندگی کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ ٹریلر کی ابتدا میں صبا قمرکو گاؤں میں رہنے والی ایسی لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے جس کی آنکھوں میں بڑے بڑے خواب ہیں اور وہ اپنے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے اپنے گھر والوں تک سے ٹکرانے کیلئے تیار ہے۔
ڈرامہ سیریل ’’باغی‘‘ میں صبا قمر کے علاوہ عثمان خالد بٹ، مانی، سرمد سلطان کھوسٹ، عرفان کھوسٹ، نینا کاشف، شازیہ خان، صبا فیصل اورعلی کاظمی شامل ہیں۔ تقریباً 2 منٹ پر مشتمل اس ٹریلر میں قندیل کی آنکھوں میں سجے خواب اور والد، بھائیوں اور شوہر کے ہاتھوں ہونے والے سلوک کی منظر کشی کی گئی ہے اور دکھایا گیا ہے کہ کن وجوہ کی بنا پر قندیل کو اپنا گھر چھوڑ کر شہر منتقل ہونا پڑا۔ بعد ازاں قندیل کس طرح ایک عام سی لڑکی سے سوشل میڈیا اسٹار بن گئیں۔
واضح رہے کہ صبا قمر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ جب انہیں یہ کردارآفر کیا گیا تو انہوں نے فوراً ہامی بھرلی تھی۔ ان کا خیال تھا کہ قندیل کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ غلط تھا وہ اپنی زندگی اپنے حساب سے جی رہی تھی اور ہر انسان کو اپنی زندگی اپنے حساب سے جینے کا حق ہوتا ہے۔ قندیل ہمارے معاشرے کی دوغلی حققیت کی عکاس تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدا میں جب میں نے اسکرپٹ پڑھا تو میں سو نہیں سکی تھی۔ یہ ڈرامہ کوئی عام ڈرامہ نہیں بلکہ یہ میری ذمہ داری بن چکا ہے کہ قندیل کے ساتھ جو کچھ ہوا میں اسے دنیا کے سامنے لاؤں۔
قندیل کو گزشتہ برس ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔ ان کی موت پر جہاں کئی لوگ صدمے کا شکار ہوگئے تھے وہیں کچھ لوگوں نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی موت پر شکر کا سانس لیا تھا۔ ڈرامہ سیریل ’’باغی‘‘ 27 جولائی سے پاکستانی نجی چینل پر نشر کیا جائے گا۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close