انٹرٹینمنٹ

اشتہارات میں جھوٹ بولنے پر شاہ رخ خان کے خلاف عدالتی کارروائی

ممبئی: شاہ رخ خان کو شیونگ کریم کے اشتہار میں اس کی جھوٹی تعریفیں کرنے پر بھارتی عدالت نے نوٹس جاری کردیا ہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے تقریباً تمام سپر اسٹارز اضافی آمدنی کی مد میں اشتہارات کے ذریعے کروڑوں کماتے ہیں لیکن اضافی آمدنی کے چکر میں یہ اسٹارز بھول جاتے ہیں کہ عام آدمی یہ اشتہارات دیکھ کر جو بھی چیز خریدتا ہے اس پر اس کے کتنے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بھارتی شہر بھوپال سے تعلق رکھنے والے ایک شہری راجکمار پانڈے نے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے خلاف شکایت درج کروائی ہے، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے ٹی وی پر شاہ رخ خان کو ایک شیونگ کریم کے اشتہار میں دیکھا تھا وہ اس اشتہار سے اتنے متاثر ہوئے کہ فوراً کریم خرید کر گھر لے آئے  تاہم کریم استعمال کرنے پر نہ صرف انہیں نقصان ہوا بلکہ ان کے چہرے پر بھی زخم آئے۔

انہوں نے کنگ خان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں، انہوں نے اشتہار میں کہا تھا کہ یہ شیونگ کریم بھارت کی نمبر ون کریم ہے جسے ایک بار استعمال کرنے پر آپ بار بار استعمال کرنے پر مجبور ہوجائیں گے، میں شاہ رخ خان کوبے حد پسند کرتا ہوں اور ان کی بات پر اعتبار کرکے ہی میں نے یہ کریم خریدی لیکن کریم استعمال کرنے پر مجھے معلوم ہوا کہ شاہ رخ خان نے صرف اپنی پروڈکٹ بیچنے کیلئے جھوٹ بولا ورنہ انہیں اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ لوگوں کو اس سے کتنا نقصان ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ڈیپارٹمنٹ سے چانچ کرنے کے بعد سامنے آنے والی رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کریم کی کوالٹی بہت خراب ہے یہی وجہ ہے کہ میرے چہرے پر زخم آئے، جس کا علاج سرکاری اسپتال میں جاری ہے۔

راجکمار پانڈے کا موقف سننے کے بعد مجسٹریٹ کاشی ناتھ سنگھ نے بھارت کے سب سے بڑے سپر اسٹار شاہ رخ خان، شیونگ کریم بنانے والی کمپنی کے سربراہ، مقامی دوکاندار، اور مدھیہ پردیش کے فوڈ اینڈ ڈرگ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کو لیگل نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں عدالت میں طلب کیا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی جانب سے فی الحال لیگل نوٹس کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close