انٹرٹینمنٹ

ودیا بالن کی فلم ’تمہاری سُلُو‘ اچھا تاثر جمانے میں ناکام

ممبئی: رواں برس کی متعدد بولی ووڈ فلموں کی طرح ’ڈرٹی گرل‘ ودیا بالن کی فلم ’تمہاری سُلُو‘ بھی اچھا تاثر جمانے میں ناکام رہی۔ خیال رہے کہ ودیا بالن کی فلم سے قبل بولی وڈ سلطان سلمان خان کی ’ٹیوب لائیٹ‘، شاہ رخ خان کی ’جب ہیری میٹ سیجل‘، رنبیر کپور کی ’ جگا جاسوس‘، نوازالدین صدیقی کی ’ بابو موشی بندوق باز‘، عرفان خان کی ’قریب قریب سنگل‘ عامر خان کی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ اور سری دیوی کی ’موم‘ جیسی فلمیں بھی اچھا تاثر جمانے میں ناکام رہی تھیں۔

ان فلموں سے متعلق خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ نہ صرف باکس آفیس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی، بلکہ یہ ایک نیا ریکارڈ بھی بنا سکتی ہیں۔ تاہم تمام فلمیں امیدوں کے برعکس ’فلاپ‘ ثابت ہوئیں، فلموں کے ناکام ہونے کے بعد سلمان خان اور شاہ رخ خان کو تو الٹے جیب سے پیسے ادا کرنا پڑے۔

دیگر بولی وڈ فلموں کی طرح ودیا بالن کی فلم ’تمہاری سُلُو‘ بھی اچھا تاثر جمانے میں ناکام ہوگئی، اور 2 میں محض ساڑھے 4 کروڑ بھارتی روپے سے بھی کم پیسے بٹور سکی۔ ’تمہاری سُلُو‘ کو 2 دن قبل 17 نومبر کو بھارت سمیت دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ’تمہاری سُلُو‘ نے پہلے ہی دن بھارت بھر سے 2 کروڑ 65 لاکھ روپے بٹورے، جب کہ فلم نے دوسرے دن اس سے بھی کم کمائی کی۔ رپورٹ کے مطابق ابتدائی 2 دن کے اندر ’تمہاری سُلُو‘ کی مجموعی کمائی 4 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے بنی، جو ان اندازوں سے کم ہے، جو فلم کی نمائش سے قبل لگائے تھے۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ ودیابالن کی وجہ سے ’تمہاری سُلُو‘ اچھا بزنس کرے گی، کیوں کہ ان کی پرانی فلمیں ’کہانی‘، ’ڈرٹی پکچر‘ اور ’نو ون کلڈ جسیکا‘ جیسی فلمیں اچھی کمائی کرنے میں کامیاب گئیں تھیں۔

تاہم کمائی سے ہٹ کر ’تمہاری سُلُو‘ سے متعلق اچھے تبصرے آ رہے ہیں، نہ صرف فلمی ناقدین بلکہ عام شائقین نے بھی فلم میں ودیابالن کی اداکاری و کردار کو سراہا ہے۔

خیال رہے کہ ’تمہاری سُلُو‘ میں ودیا بالن نے ایک ایسی گھریلو خاتون کا کردار ادا کیا ہے، جو فلم میں آگے چل کر ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کی رات کی ریڈیو جوکی ’آر جے‘ بن جاتی ہیں۔

فلم میں معمولی جھگڑوں اور پیار کے درمیان زندگی گزارنے والی ایک عام گھریلو عورت کے ریڈیو جوکی بننے کے بعد پیدا ہونے والے مسائل اور ان کی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کو دکھایا گیا ہے۔ فلم میں سری دیوی کی 1987 میں آنے والی سپر ہٹ فلم ’مسٹر انڈیا‘ کا گانا ’ہوا ہوائی‘ نئے انداز میں شامل کیا گیا ہے، جسے بھی بہت پسند کیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close