انٹرٹینمنٹ

کیا بینظیر بھٹو کا کردار مہوش حیات کریں گی؟

کراچی: نامورپاکستانی اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے شہید محترمہ بینظیربھٹو کا کردار ادا کرنے کی خبریں سوشل میڈیا پروائرل ہورہی ہیں جس پر صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔

ڈراما سیریل ’’دل لگی ‘‘، ’’میرے قاتل میرے دلدار‘‘ جیسے مقبول ترین ڈراموں میں اداکاری کے ذریعے اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والی نامور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے جب بڑی اسکرین کا رخ کیا تو بڑی بڑی اداکاراؤں کی چھٹی کرادی۔

گزشتہ برس مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ بلاک بسٹرفلم ثابت ہوئی تھی جس نے 50 کروڑسے زائد کا بزنس کرکے شوبزحلقوں سمیت سینما مالکان اور ڈسٹری بیوٹرزکو بھی حیران کردیا تھا۔

’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کے بعد مہوش حیات کی فنی صلاحیتوں کا اعتراف پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی کیا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کل سوشل میڈیا پران سے متعلق ایک خبربہت زیادہ وائرل ہورہی ہے کہ مہوش حیات پاکستان کی پہلی وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔

مہوش حیات کی جانب سے فی الحال تو ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے تاہم سوشل میڈیا پر مہوش کے بینظیر بھٹو بننے کی دھوم مچ گئی ہے۔کچھ صارفین  کا خیال ہے کہ مہوش حیات بے نظیر بھٹو کے کردار کے لیے بالکل موزوں اداکارہ ہیں اور بینظیر کی تصویر ان سے زیادہ  بہتر انداز میں کوئی اور پیش نہیں کرسکتا۔

ایک صارف نے کہا کہ انہیں لگتا ہےکہ مہوش حیات اور بینظیر بھٹو کے درمیان بہت زیادہ مشابہت ہے۔

جب کہ کچھ صارفین کی جانب سے ان خبروں پر غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ایک صارف نے لکھا کہ میں نے بینظیر بھٹو کو کبھی بھی بھاری زیورات پہنے اور میک اپ کرتے نہیں دیکھا۔

ایک صارف نے مہوش حیات کی فنی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ وہ یہ کردار ادا کرسکتی ہیں لیکن ان کی اور بی بی کی شخصیت میچ نہیں کرتی۔

ایک صارف نے لکھا بینظیر بھٹو مہوش حیات سے زیادہ پر کشش شخصیت کی مالک تھیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close