انٹرٹینمنٹ

فرح خان نے ’’ڈی ڈی ایل جے‘‘ میں کوریو گرافی سے انکار کیوں کیا

ممبئی: بالی ووڈ ہدایت کار کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کی کوریو گرافی کے لیے یش راج چوپڑا نے فرح خان سے رجوع کیا تھا لیکن فرح نے کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

بالی ووڈ کی فلمیں بہترین کہانی، اداکاری اور گیتوں کی وجہ سے مقبول ہوتی ہیں اور یادوں میں تازہ رہتی ہیں اور گیتوں میں ماہرین کی بہترین کوریو گرافی فلم کو چار چاند لگانے میں سنگ میل ثابت ہوتی ہے۔ اگر کوریو گرافی فرح خان کی ہو تو اس فلم کا مقبول ہونا ضروری سمجھ لیا جاتا ہے لیکن فرح خان نے فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے تمام گیتوں میں کوریو گرافی سے انکار کردیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف فلم ساز و ہدایت کار کرن جوہر نے ایک شو میں فرح خان سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ 1995ء میں شاہ رخ خان کی مشہور زمانہ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے تمام گیتوں میں کوریو گرافی کے لیے یش چوپڑا اور ادتیا چوپڑا نے کوریو گرافر فرح خان کی خدمات لینےکا فیصلہ کیا تھا۔

کرن جوہر نے بتایا کہ اس وقت ہر کوریو گرافر کا خواب تھا کہ وہ یش راج فلم کے ساتھ کام کرے اور اُس وقت فرح خان کے لیے بہت بڑی کامیابی تھی کیوں کہ فرح کو اپنے کیریئر کی ابتدا میں اتنی بڑی آفر مل رہی تھی لیکن انہوں نے آفر قبول کرنے کے بجائے معذرت کرلی کیوں کہ انہوں نے مراٹھی فلم میں کوریو گرافی کے لیے وعدہ کرلیا تھا اور اُن کا عزم تھا کہ انہوں نے اتنی بڑی آفر کے بعد بھی مراٹھی فلم والوں سے وعدہ خلافی نہیں کی۔

واضح رہے کہ 25 اکتوبر 1995ء کو ریلیز ہونے والی رومانوی فلم ’ دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہے جس میں ہیرو ہیروئن کا کردارشاہ رخ خان اور کاجول نے نبھایا۔ علاوہ ازیں امریش پوری کی لازوال اداکاری اور اُن کا مشہور ڈائیلاگ ’جا سمرن جا، جی لے اپنی زندگی ‘ آج بھی زبان زد عام ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close