انٹرٹینمنٹ

سارہ علی خان کا کیریئر شروع ہونے سے پہلے ہی ڈگمگا گیا

بالی وڈ اداکار سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کا کیریئر شروع ہونے سے پہلے ہی مشکلات کے بھنور میں پھنس گیا ہے۔ سارہ علی خان فلمی کیریئر کا آغاز فلم ’کیدر ناتھ‘ سے کررہی ہیں اور فلم کی شوٹنگ بھی زرو شور سے جاری تھی لیکن اب فلم کے ہدایت کار اور پروڈکشن کمپنی کے درمیان معاملات خراب ہوگئے ہیں۔

ہدایت کار بھی فلم ادھوری چھوڑ کر چلے گئے ہیں جس کے بعد فلم کے مستقبل پر کالے بادل چھاگئے ہیں جب کہ فلم کی پروڈکشن کمپنی نے ہدایت کار ابھیشیک کپور کے خلاف ہائی کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

پروڈکشن کمپنی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہدایت کار ابھیشیک کپور نے فلم کی پروڈکشن میں دیر کی ہے جس کی وجہ سے فلم کو شروع سے ہی نقصان اٹھانا پڑا ہے لیکن اس کے باوجود فلم کے لیے پیسے دیتے رہے تاہم انہیں خرچ کہیں اور کیا جارہا تھا۔

پروڈکشن کمپنی کے مطابق ہدایت کار ابھیشیک کپور اور ان کی کمپنی کے خلاف اگلے ہفتے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

فلم کے حوالے سے جاری تنازع نے سارہ علی خان کے کیریئر کو مشکل میں ڈال دیا ہے اور ان کی والدہ امریتا سنگھ بھی اس صورتحال سے پریشان ہیں۔

پہلی فلم کی شوٹنگ اور نمائش کھٹائی میں پڑجانے کے بعد سارہ بھی فکر مند ہیں کیوں کہ وہ اس فلم کی نمائش تک کسی اور فلم کو سائن نہ کرنے کی پابند ہیں جب کہ ان کی کوشش ہے کہ جلد سے جلد بڑے بینر کی فلم تلاش کی جائے۔

فلم میں سارہ علی خان کے مدمقابل سشانت سنگھ راجپوت مرکزی کردار کررہے ہیں جب کہ فلم اس سال نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close