انٹرٹینمنٹ

ازدواجی زندگی سمیت سری دیوی سے متعلق وہ باتیں جو آپ کو شاید معلوم نہیں ‎

ممبئی: بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے کے باعث گزشتہ روز دبئی میں انتقال کر گئیں جہاں وہ اپنے شوہر بونی کپور اور بیٹی خوشی کے ہمراہ شادی کی ایک تقریب میں شریک تھیں۔ سری دیوی 13اگست 1963ءکو بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر سوا کاسی میں پیدا ہوئیں۔ ان کے فلمی کیریئر کا آغاز 1967ءمیں چار سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ ہوا اور 4سال کی عمر میں ہی انہیں بہترین چائلڈ سٹار کا کیرالہ سٹیٹ فلم ایوارڈ مل گیا۔1975ءتک انہوں نے کئی فلموں میں چائلڈ سٹار کے طور پر کام دیا اور 1975ءمیں انہوں نے بطور ہیروئن فلمی دنیا میں قدم رکھ دیا۔ 1982ءتک وہ جنوبی بھارتی کی تامل، ملیالم اور تیلگو فلم انڈسٹریز پر راج کرتی رہیں۔ اس دوران انہوں نے رجنی کانت اور کمل ہاسن جیسے سپرسٹارز کے ساتھ کام کیا۔1981ءمیں انہیں تیلگو فلم میں بہترین کردار ادا کرنے پر فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سری دیوی نے 1979ءمیں اپنی پہلی ہندی فلم ”سولہواں سال“ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا لیکن ان کی یہ فلم قبول عام نہ ہو سکی۔ اس کے چار سال بعد 1983ءمیں وہ فلم ”ہمت والا“ میں جتنیدر کی ہیروئن بنیں۔ یہ فلم بلاک بسٹر رہی اور سری دیوی کا سکہ بالی ووڈ میں بھی جم گیا۔اگلے سال 1984ءمیں ان کی فلم ”تحفہ“ نے خوب دھوم مچائی اور اس کے بعد بالی ووڈ کی ”ہوا ہوائی گرل“ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ 1997ءتک بالی ووڈ پر انہی کا راج رہا اور وہ بالی ووڈ کی پہلی اداکارہ ہیں جنہیں ”فی میل سپراسٹار“ کہلانے کا اعزاز حاصل ہوا۔

سری دیوی نے اپنا دوسرا فلم فیئر ایوارڈایسی فلم سے جیتا جو باکس آفس پر بری طرح ناکام ناکام ہوئی تھی۔ یہ فلم ”لمحے“تھی۔ یش چوپڑا کی اس فلم میں انیل کپور ان کے مقابل ہیروتھے۔فلم تو ناکام ہو گئی لیکن اس میں سری دیوی نے کے کام کو ناقدین نے خوب سراہا اور وہ اس پر ایوارڈ بھی لے اڑیں۔ سری دیوی کے بہن بھائیوں میں ایک بہن اور دو سوتیلے بھائی تھے۔انہوں نے پہلی شادی خفیہ طور پر متھن چکرورتی سے کی۔ ان کی محبت کا چرچا ہدایت کار اور پروڈیوسر راکیش روشن کی فلم ”جاگ اٹھا انسان“ کی شوٹنگ کے دوران ہونا شروع ہوا جو بالآخر 1985ءمیں خفیہ شادی پر منتج ہوا۔

دونوں اس شادی سے انکاری رہے لیکن ایک سال بعد ایک میگزین نے ان کی شادی کا سرٹیفکیٹ شائع کر دیا جس پر متھن چکرورتی نے حقیقت تسلیم کر لی۔ تاہم ان کی شادی 1988ءمیں ٹوٹ گئی۔8سال بعد 1996ءمیں سری دیوی نے معروف پروڈیوسر بونی کپور سے دوسری شادی کر لی۔انیل کپور اور سنجے کپور کے بڑے بھائی بونی کپور بھی پہلے سے شادی شدہ تھے۔سری دیوی کی یہ شادی کامیاب رہی اور اس سے ان کے دو بیٹیاں جھانوی اور خوشی ہوئیں۔ شادی کے بعد سری دیوی نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی کر لی لیکن ٹیلی ویژن سیریز اور اور دیگر پروگرامز میں دکھائی دیتی رہیں۔ 2012ء میں فلم ”انگلش ونگلش“ کے ذریعے انہوں نے واپس بالی ووڈ میں قدم رکھا اورشاندار اداکاری سے ایک بار پھر اپنے مداحوں کے دل جیت لیے۔ 2017ءمیں انہوں نے فلم ”مام“ میں کام کیا جو ان کی آخری فلم ثابت ہوئی۔

ان کی اس آخری فلم میں پاکستانی اداکار عدنان صدیقی اور اداکارہ سجل علی نے بھی کام کیا تھا۔سری دیوی کی معروف فلموں میں صدمہ، ہمت والا، تحفہ، نگینہ، چال باز، چاندنی، لمحے، مسٹر انڈیا، گمراہ، روپ کی رانی، چوروں کا راجا، خدا گواہ، جدائی و دیگر شامل ہیں۔سری دیوی نے اپنے طویل فلمی کیریئر میں بے شمار ایوارڈ اور اعزازات حاصل کیے۔ انہیں 2013ءمیں پدماشری ایوارڈ بھی دیا گیا۔ نیوزویب سائٹ ہم سب کے مطابق اس کے علاوہ انہوں نے 5بار فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔1982ءمیں تامل فلم ”میڈوم کوکیلا“ ، 1991ءمیں تیلگو فلم ”کشاناکشنم“، 1990ءمیں فلم ”چال باز“، 1992ءمیں فلم ”لمحے“ اوردو فلموں”نگینہ“ اور ”مسٹرانڈیا“پر مشترکہ طور پر فلم فیئرایوارڈ دیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close