انٹرٹینمنٹ

سائیکل چلانی بھی نہیں آتی تھی، لیکن فلم میں موٹرسائیکل چلا کر مزہ آیا، سوہائے علی ابڑو

عدنان سرور کی فلم ‘موٹرسائیکل گرل’ کی مرکزی اداکارہ سوہائے علی ابڑو کا کہنا ہے کہ انہیں سائیکل چلانا بھی نہیں آتی تھی لیکن اس فلم کے لیے انہوں نے موٹر بائیک چلانی سیکھی، جس میں انہیں بہت مزا آیا۔

سوہائے علی ابڑو آج جیو نیوز کے مارننگ شو ‘جیو پاکستان’ کی مہمان تھیں، اس موقع پر انہوں نے اپنی آنے والی فلم ‘موٹر سائیکل گرل’ اور کیریئر کے حوالے سے کافی دلچسپ باتیں کیں۔

سوہائے نے بتایا کہ فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی’ میں شوخ و چنچل کردار ادا کرنے کے بعد وہ کوئی سنجیدہ کردار کرنا چاہتی تھی۔

‘موٹر سائیکل گرل’ میں سوہائے کے کردار کی ایک جھلک—۔ویڈیو اسکرین گریب

انہوں نے بتایا کہ ‘جب میری ملاقات فلم ‘شاہ’ کے ہدایت کار عدنان سرور سے ہوئی، تو  میں نے ان کی فلم کی تعریف کی اور کہا کہ آپ جو بھی (فلم) بنائیں گے، میں اس میں کام کروں گی’۔

اور اب سوہائے، عدنان سرور کی فلم ‘موٹر سائیکل گرل’ میں مرکزی کردار ادا کرنے جارہی ہیں، جس کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور فلم 20 اپریل کو ریلیز کی جائے گی۔

حال ہی میں اس فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے، جسے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

یہ فلم پاکستان کی باہمت خاتون زینتھ عرفان کی سوانح حیات پر مبنی ہے ۔

زینتھ عرفان پاکستان کی وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے 21 برس کی عمر میں تن تنہا موٹر سائیکل پر پاکستان کے شمالی علاقوں کا سفر طے کیا تھا۔

سوہائے نے بتایا کہ زینتھ کے والد کا انتقال اُس وقت ہوا، جب وہ محض 11 ماہ کی تھیں، ان کے والد موٹرسائیکل پر لاہور سے خنجراب تک جانا چاہتے تھے لیکن وہ 41 سال کی عمر میں ہی خالق حقیقی سے جاملے اور ان کے اس خواب کو ان کی صاحبزادی نے حقیقت میں بدلا۔

فلم میں زینتھ کا کردار ادا کرنے اور مشکلات کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے سوہائے نے بتایا کہ ‘میرا تعلق کراچی سے ہے اور میں اُس جنریشن سے ہوں، جسے بچپن میں سڑک پر سائیکل چلانے کی بھی اجازت نہیں تھی’۔

سوہائے کے مطابق انہیں مشورہ دیا گیا کہ موٹر سائیکل کے ساتھ دو پہیئے لگا کر کام چلالیں لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ ‘پہلے میں نے ایک سائیکل لی اور لاہور کے ایک فارم ہاؤس میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران فارغ وقت میں سائیکل چلانے کی پریکٹس کی جبکہ لاہور میں ‘ویمن آن وہیلز’ پروجیکٹ کے تحت بھی میں نے موٹر سائیکل چلانے کی تربیت لی’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘فلم کی شوٹنگ کے دوران مجھے اور عدنان کو بہت ڈر تھا کہ کوئی حادثہ نہ ہوجائے، لیکن سوائے ایک آدھ چھوٹے موٹے واقعے کے، کچھ زیادہ خطرناک نہیں ہوا’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘میں عام زندگی میں بہت شوخ و چنچل اور بولنے والی لڑکی ہوں، لہذا یہ میرے لیے ایک بالکل الگ طرح کا کردار تھا اور مجھ پر اس کا بہت پریشر تھا کہ میں اداکاری میں جان ڈالوں’۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سوہائے نے اپنی فلم کی پہلی جھلک مداحوں سے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے 20 اپریل کو اس کی ریلیز کی تاریخ کا بھی باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران لی گئی مختلف تصاویر بھی مداحوں سے شیئر کرتی رہتی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close