انٹرٹینمنٹ

ریپ کیسز پر امیتابھ کا تبصرے سے انکار، پوجا بھٹ کی تنقید

بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 8 سالہ بچی اور بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک لڑکی سے جنسی زیادتی کے واقعات پر تبصرہ کرنے سے انکار پر مختلف قسم کے ردعمل سامنے آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن، بھارتی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے پروگرام ‘بیٹی پڑھاؤ، بیٹی بچاؤ’ مہم کا بھی حصہ ہیں، گذشتہ دنوں اُن سے حالیہ ریپ کیسز کے حوالے سے سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے کہا، ‘اس بارے میں بات کرنے سے بھی مجھے گھن آتی ہے، لہذا اس معاملے کو مت اچھالیں۔’

سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اس معاملے پر بات نہ کرنے پر امیتابھ بچن کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور ان ہی میں سے ایک پوجا بھٹ بھی ہیں۔

اداکارہ اور فلمساز پوجا بھٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اس معاملے پر بات نہ کرنے پر فلم ‘پنک’ کا حوالہ دیا، جس میں امیتابھ بچن نے ایک ایسے وکیل کا کردار ادا کیا تھا، جو جنسی تعلقات کے حوالے سے خواتین کی رضامندی کے حق کا دفاع کرتا ہے اور ان کا کیس جیتنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

پوجا نے امیتابھ بچن کی تصویر اور ان کا مذکورہ بیان شیئر کرتے ہوئے لکھا، ‘اس موقع پر میں فلم ‘پنک’ کو یاد کیے بغیر نہیں رہ سکتی، کیا اسکرین پر نظر آنے والا ہمارا عکس اصل زندگی میں نظر نہیں آسکتا؟’

لیکن معاملہ یہیں پر ختم نہیں ہوا، بلکہ اس ٹوئیٹ کے بعد لوگوں نے پوجا بھٹ کی ذاتی زندگی پر بھی تنقید شروع کردی اور ٹوئٹر پر ان کی الکوحل (شراب) کی عادت کا مذاق اڑانا شروع کردیا۔

واضح رہے کہ ماضی میں پوجا بھٹ الکوحل کی عادی تھیں، تاہم اب انہوں نے اپنی اس عادت سے چھٹکارا پالیا ہے اور دسمبر 2016 سے وہ الکوحل اور نشے سے بالکل دور ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے پوجا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک شراب کی عادی خاتون شہرت حاصل کرنے کے لیے ایک لیجنڈ کا نام استعمال کر رہی ہیں۔

جس پر پوجا نے جواباً تصحیح کی اور لکھا، ‘ایک ایسی خاتون جو الکوحل کی لت سے باہر نکل چکی ہے اور مجھے اس پر فخر ہے’، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ‘ایک ایسے ملک میں جہاں لوگوں کو اس بات کا بھی احساس نہیں ہوتا کہ انہیں پینے پلانے کی لت لگ چکی ہے، میں بہت شکر گزار ہوں کہ میں اس سے دور ہوگئی ہوں’۔

واضح رہے کہ رواں برس 17 جنوری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے کٹھوا میں ایک 8 سالہ بچی آصفہ بانو کو اجتماعی زیادتی کے بعد بہیمانہ انداز میں قتل کردیا گیا تھا۔

اس ظلم و زیادتی پر عامر خان، انوشکا شرما اور کرینہ کپور سمیت بالی وڈ کے متعدد اسٹارز نے غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ریاست اترپریش میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگار کو بھی ایک لڑکی سے زیادتی کے الزامات کا سامنا ہے۔

جنسی زیادتی کے ان حالیہ واقعات پر نریندر مودی کی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ اس پر احتجاج کر رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close