انٹرٹینمنٹ

فلم ’’سنجو‘‘ آن لائن نہ دیکھنے پر راجکمار ہیرانی کا مداحوں کو شکریہ

ممبئی: ہدایت کار راجکمار ہیرانی نے فلم’’سنجو‘‘کو آن لائن لیک ہونے کے باوجود تھیٹر میں دیکھنے پر مداحوں کا شکریہ اداکیا ہے۔

رنبیر کپور کے کیریئر کی سب سے بڑی فلم ’’سنجو‘‘ گزشتہ جمعہ کو ریلیز کی گئی تھی، فلم نے ریلیز ہوتے ہی کئی ریکارڈ توڑے اور کئی ریکارڈ قائم کردئیے تھے، تاہم فلم کو پہلا جھٹکا اس وقت لگا جب ریلیز کے پہلے ہی دن ’’سنجو‘‘فیس بک پر اور انٹرنیٹ پر لیک ہوگئی اورفلم کا ٹورینٹ لنک سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا تاہم سنجے دت کے مداحوں نے فلم کو آن لائن دیکھنے سے انکار کرتے ہوئے دوسرے لوگوں سے بھی درخواست کی کہ فلم کو تھیٹر میں جاکر دیکھیں۔

فلم کے ہدایت کار راجکمار ہیرانی نے فیس بک پر ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نےفلم آن لائن دیکھنے سے انکار کرتے ہوئے فلمسازوں کو بھی فلم کے آن لائن ورژن لیک ہونے سے آگاہ کردیا تھا۔ راجکمار ہیرانی نے لکھا’’آپ تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے ہمیں فلم کےآن لائن لیک ہونے سے آگاہ کیا، تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ فلم ’’سنجو‘‘کی کیمرہ سے بنائی گئی کاپی فیس بک پر لیک ہوگئی ہے جو ہمارے لیے بہت ہی صدمے کی بات تھی۔ لیکن آپ لوگوں نے فلم غیرقانونی طور پر دیکھنے سے انکار کردیااس کے ساتھ ہی آپ لوگوں نے اس مسئلے کی جانب ہماری توجہ مبذول کرائی جس کے بعد ہم نے انتظامیہ کی مدد سے یہ فلم فیس بک سے ہٹوادی۔
میں کہنا چاہتا ہوں آپ سب لوگ غیر معمولی انسان ہیں، آپ لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ ایک فلم کو بنانے میں کتنا پسینہ، خون اور آنسو لگتے ہیں، آپ سب لوگوں کی سینما سے محبت کے باعث ہمیں مزید کام کرنے کی حوصلہ افزائی ملتی ہے، میں آپ تمام لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے شکریہ کہنا چاہتا ہوں۔‘‘

واضح رہے کہ فلم ’’سنجو‘‘ محض چار روز میں ’’باہو بلی2‘‘اور ’’ریس3‘‘سمیت متعدد کامیاب فلموں کا ریکارڈ توڑ چکی ہے جب کہ فلم کا سفر اب بھی کامیابی سے جاری ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close