انٹرٹینمنٹ

بالی ووڈ میں ایک اور’’سنجو‘‘بنانے کی تیاری

ممبئی: ’’سنجو‘‘کی باکس آفس پر بھرپور کامیابی کے بعد اب ایک اور بالی ووڈ ہدایت کار نے سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاری کرلی۔ بالی ووڈ میں باباکے نام سے مشہور اداکار سنجے دت کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم’’سنجو‘‘نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کردئیے، یہ فلم لوگوں کو اتنی زیادہ پسند آئی ہے  کہ ریلیز کے تقریباً3 ہفتے بعد بھی سینما کے باہر لوگوں کا رش کم نہیں ہورہا اور فلم روز بروزکمائی کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔

فلم’’سنجو‘‘کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے بالی ووڈ کے ایک اور ہدایت کار رام گوپال ورما نے بھی سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کانام ’’سنجو؛ دی ریئل اسٹوری‘‘ہوگا۔ رام گوپال ورما کا کہنا ہے کہ ہدایت کار راجمکار ہیرانی نے سنجے دت کی زندگی کے بہت سے پہلوؤں کو فلم میں اجاگر نہیں کیا لہٰذااب وہ سنجے دت کی زندگی پر فلم بنائیں گےاور پورا سچ بتائیں گے، رام گوپال ورما نے فلم پر کام کرنا بھی شروع کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  رام گوپال ورما نے جب فلم’’سنجو‘‘دیکھی تو انہیں یہ فلم بہت پسند آئی لیکن انہیں اس بات سے دکھ ہوا کہ فلم میں سنجے دت کی قانونی لڑائی، اے کے 56 رائفل اور ممبئی حملوں کے واقعات کو بہت سطحی طور پر دکھایا گیا ہے۔ لہٰذاوہ اپنی فلم میں ان واقعات کو تفصیلاً دکھائیں گے۔

واضح رہے کہ راجکمار ہیرانی کی ہدایت میں بننےوالی فلم’’سنجو‘‘ریلیز سے اب تک بھارت میں 406 کروڑ18لاکھ کا بزنس کرچکی ہے جب کہ بیرون ممالک میں 122 کروڑ 29 لاکھ کی کمائی کرچکی ہے مجموعی طور پر فلم نے اب تک 528 کروڑ 47 لاکھ کی کمائی کی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close