انٹرٹینمنٹ

بیوی سے دھوکا کرتا صاحب اور گینگسٹر سے پیار کرتی بیوی کمال نہ دکھا سکی

بولی وڈ کی ایکشن روینج تھرلر فلم ‘صاحب بیوی اور گینگسٹر تھری’ ریلیز کے ابتدائی 3 دن میں کوئی خاص کمائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔ سنجے دت، ماہی گل، جمی شیر گل اور چترگندا سنگھ کی فلم کو 27 جولائی کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔

یہ فلم 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘صاحب بیوی اور گینگسٹر‘ کی تیسری فلم ہے، جس میں پہلی بار سنجے دت منفی روپ میں نظر آئے ہیں۔ اس سیریز کی دوسری فلم کو 2013 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں عرفان خان نے منفی کردار ادا کیا تھا، اس سے قبل گینگسٹر کا کردار رندیپ ہودا نے ادا کیا تھا۔

تیسری فلم میں جہاں سنجے دت گینگسٹر بنے ہیں وہیں چترگندا سنگھ بھی اس میں پہلی بار جلوہ گر ہوئی ہیں، تاہم جمی شیر گل نے اپنا یعنی صاحب اور ماہی گل نے اپنا یعنی بیوی کا کردار برقرار رکھا ہے۔

ٹائمز آف اںڈیا کی رپورٹ کے مطابق صاحب بیوی اور گینگسٹر ریلیز کے ابتدائی 3 دن میں کوئی خاص کمائی کرنے میں ناکام ہوگئی اور فلم کی مجموعی کمائی 6 کروڑ سے بھی کم رہی۔

رپورٹ کے مطابق فلم نے تیسرے دن محض ایک کروڑ 65 لاکھ روپے بٹورے، جب کہ ابتدائی 2 دن میں فلم نے 3 کروڑ سے کچھ زیادہ رقم بٹوری تھی۔

فلم کی ابتدائی 3 دن کی مجموعی کمائی 5 کروڑ 40 لاکھ روپے ہوگئی۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ سنجے دت کی وجہ سے فلم ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی، تاہم فلم نے توقعات سے انتہائی کم کمائی کرکے فلم کی ٹیم کو مایوس کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close