انٹرٹینمنٹ

عاصم اظہر شاہ رخ خان کیلئے گانا گانے کے خواہشمند، ٹوئٹر پر دلچسپ گفتگو

کراچی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے فین پوری دنیا میں موجود ہیں، جن میں پاکستانی فنکار بھی شامل ہیں، 2 نومبر کو ان کی سالگرہ کے موقع پر گلوکار عاصم اظہر نے کنگ خان کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے گانے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر شاہ رخ خان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہ رخ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، ‘میں آپ کے لیے کب گاسکتا ہوں کہ آپ اس پر ہونٹ ہلائیں (لپ سنک کریں)؟’

ساتھ ہی انہوں نے شاہ رخ کی آنے والی فلم ‘زیرو’ میں ان کے کردار بووا سنگھ کا حوالہ دیتے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ ‘اگر آپ کے پاس وقت نہیں ہے تو بووا سنگھ سے بھی کام چل جائے گا۔’

واضح رہے کہ 2 نومبر کو اپنی 53 ویں سالگرہ پر شاہ رخ خان نے مداحوں کو فلم ’زیرو‘ کے ٹریلر کا تحفہ دیا تھا، جس میں انہوں نے  ‘بووا سنگھ’ نامی ایک بونے شخص کا کردار ادا کیا ہے۔

عاصم اظہر کے پیغام کا جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے ان کا شکریہ ادا کیا اور لکھا، ‘میں بووا سنگھ سے کہوں گا کہ وہ گانے کے ساتھ ہونٹ ہلائے، لیکن مجھے نہیں معلوم کہ وہ گانے کے ساتھ ڈانس بھی کرسکتا ہے یا نہیں۔’

جس کے جواب میں عاصم اظہر نے لکھا، ‘ٹھیک ہے بھائی جان، ابھی بووا سنگھ سے کام چل جائے گا، لیکن زندگی میں ایک بار آپ کے لیے بھی ضرور گاؤں گا۔ خواب پورا ہوجائے گا۔’

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے بووا سنگھ کا ٹوئٹر پر اکاؤنٹ بھی بنا رکھا ہے، جو تصدیق شدہ ہے۔

بعدازاں عاصم اظہر نے اپنے بچپن کی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں ان کی ٹی شرٹ پر شاہ رخ خان کی تصویر موجود ہے۔

واقعی عاصم اظہر نے تو ثابت کردیا کہ وہ کنگ خان کے بچپن سے فین ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ شاہ رخ خان کے لیے گانا گانے کا ان کا خواب بھی جلد ہی پورا ہو جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close