انٹرٹینمنٹ

والد کی دوسری شادی کیلئے ماں نے اپنے ہاتھوں سے تیار کیا، سارہ علی خان

ممبئی: بولی وڈ اداکار سیف علی خان پہلی مرتبہ اپنی بیٹی سارہ کے ہمراہ نامور بھارتی شو کافی ود کرن کا حصہ بنے۔ اس شو کے آغاز پر کرن جوہر نے اپنے آنجہانی والد یش جوہر کے ساتھ اپنے رشتے کے حوالے سے بات کی، جس کے بعد سیف علی خان اور سارہ کو شو پر متعارف کروایا۔

شو کے آغاز پر کرن جوہر نے سارہ علی خان سے سوال کیا کہ کیا وہ اس شو کا حصہ بن کر نروس ہیں کیوں کہ یہ ان کی فلموں کی ریلیز سے قبل نشر ہونے والا پہلا شو ہوگا۔

جس پر سارہ کا کہنا تھا کہ وہ نروس ہونے کے ساتھ ساتھ کافی خوش بھی ہیں۔

اس شو پر سارہ اور سیف نے اپنی فیملی کے حوالے سے بھی کئی اہم انکشافات کیے۔

خیال رہے کہ سارہ، سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی پہلی بیٹی ہیں۔

سیف علی خان کی سابق اہلیہ امریتا سنگھ سے ان کے دو بچے سارہ اور ابراہیم ہیں۔

اپنے والد کی دوسری شادی کے حوالے سے سارہ نے شو پر بتایا کہ ’ہر کوئی جانتا تھا کہ میرے ساتھ ان کا کیسا رشتہ ہوگا، مجھے کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوئی، کرینہ نے بھی مجھ سے یہی کہا تھا کہ میری ایک والدہ ہیں جو کہ بہترین ہیں اور وہ میری والدہ نہیں دوست بننا چاہتی ہیں، میرے والد نے بھی کبھی یہ نہیں کہا کہ کرینہ میری دوسری والدہ ہیں‘۔

سارہ نے مزید کہا کہ ’اس وقت میں سوچتی تھی کہ میں کرینہ بولوں یا کرینہ آنٹی بولوں، اس پر میرے والد نے کہا کہ مجھے کرینہ کو آنٹی کہنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘۔

یاد رہے کہ سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی شادی 1991 میں ہوئی تھی جس کے بعد ان دونوں کے درمیان 2004 میں علیحدگی ہوئی۔

سیف علی خان نے کرینہ کپور سے 2012 میں شادی کی تھی، ان دونوں کے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش 2016 میں ہوئی۔

سیف نے اپنی دوسری شادی کے حوالے سے انکشاف کیا کہ انہوں نے سابقہ اہلیہ امریتا کو دوسری شادی کے روز ایک خط بھی لکھ کر بھیجا تھا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’جب میں کرینہ سے شادی کررہا تھا، میں نے امریتا کو ایک خط تحریر کرکے بھیجا تھا، میں نے بتایا تھا کہ یہ زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، ہمارا ماضی تھا لیکن آگے ہم ایک دوسرے کے لیے نیک تمنا کرتے ہوئے بڑھیں گے، میں نے یہ خط کرینہ کو بھی پڑھایا تھا‘۔

سیف نے مزید کہا کہ ’اس کے بعد سارہ نے مجھے کال کی اور کہا کہ میں تو ویسے بھی اس شادی کا حصہ بننے والی تھی لیکن اب میں خوشی سے اس شادی میں شریک ہوں گی، مجھے لگتا ہے بس یہی سے سب کچھ ٹھیک ہوگیا‘۔

سارہ نے بھی بتایا کہ والد کی دوسری شادی کے لیے ان کی ماں نے انہیں اپنے ہاتھوں سے تیار کیا تھا۔

خیال رہے کہ سارہ علی خان کی ڈیبیو فلم ’کیدرناتھ‘ رواں سال 8 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

جس کے بعد ان کی فلم ’سمبا‘ 28 دسمبر کو ریلیز ہوگی، اس فلم میں سارہ رنویر سنگھ کے ہمراہ مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close