انٹرٹینمنٹ

شاہ رخ و کاجول سے ملنے کیلئے بھارت جانے پر گرفتار ہونے والا پاکستانی نوجوان وطن پہنچ گیا

اس میں کوئی شک نہیں پاکستان اور بھارت کے اداکاروں کے مداح دونوں ممالک میں موجود ہیں۔ جس طرح بھارت میں پاکستانی اداکاروں کے کئی مداح ہیں اور وہ اپنے پسندیدہ اداکاروں کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار رہتے ہیں۔

اسی طرح پاکستان میں بھی بھارتی اداکاروں کے مداحوں کی کوئی کمی نہیں اور ایسے مداح اپنے من پسند اداکاروں سے ملنے کے لیے کچھ بھی کر گزرتے ہیں۔

پاکستان کا ایک ایسا ہی 21 سالہ نوجوان بولی وڈ اداکارہ کاجول اور رومانس کے بادشاہ شاہ رخ خان کا بہت بڑا مداح ہے، جو ان سے ملنے کے لیے واہگہ کے راستے بھارت میں داخل ہوا، تاہم جلد ہی اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخواہ کے علاقے ضلع سوات کی تحصیل مینگورہ کے شاہدرا وتاکے کے رہائشی 21 سالہ عبداللہ مئی 2017 میں واہگہ بارڈر کے راستے بھارت میں داخل ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق عبداللہ کو بھارت میں داخل ہوتے ہی انڈین فورسز نے حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا۔ شاہ رخ اور کاجول کی جوڑی کو آن اسکرین بھی پسند کیا جاتا ہے۔

وطن واپسی پر عبداللہ سواتی نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان سے ملنے کے لیے انہوں نے دوسری بار بھارت میں داخل ہونے کی کوشش کی اور وہ ایک بار پھر بھارت جائیں گے۔

عبداللہ کا کہنا تھا کہ جب وہ واہگہ کے راستے بھارت میں داخل ہوئے تو بھارتی اہلکار نے تنبیہ کی کہ وہ واپس چلے جائیں ورنہ وہ گولی چلادیں گے۔

عبداللہ نے بتایا کہ انہوں نے بھارتی اہلکار کی ایک بات نہ سنی اور انہیں بتایا کہ وہ شاہ رخ خان اور کاجول سے ملنا چاہتے ہیں، تاہم پھر بھی اہلکار انہیں گولی چلانے کی دھمکیاں دیتا رہا، تاہم بعد ازاں اپنے دوسرے ساتھی کے کہنے پر مجھے گرفتار کرکے امرتسر جیل بھیج دیا گیا۔ دونوں کو بہترین رومانوی جوڑی بھی مانا جاتا ہے۔

21 سالہ نوجوان کا کہنا تھا کہ امر تسر میں 50 کے قریب پاکستانی قیدی تھے، جن میں سے زیادہ تر افراد نے غلطی سے بھارتی سرحد پار کرلی تھی۔

شاہ رخ خان اور کاجول کے مداح کا کہنا تھا کہ جب تک ان کا بچپن کا سپنا سچ نہیں ہوتا، وہ بھارت میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے۔

عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے پہلے اسلام آباد میں موجود سفارت خانے کو بھارتی ویزے کی درخواست کی اور وہ مسترد ہونے کے بعد انہوں نے غیر قانونی طور سے بھارت جانے کا منصوبہ بنایا۔

عبداللہ سواتی کے مطابق قید میں رہتے ہوئے انہیں لگا تھا کہ وہ کبھی بھی آزاد نہیں ہو پائیں گے، تاہم جب انہیں ان کی رہائی سے متعلق پتہ چلا تو وہ بے حد خوش ہوئے اور وہاں قید پاکستانیوں نے ان کے لیے ایک پارٹی منعقد کی۔

کاجول اور شاہ رخ خان کے مداح نے امرتسر جیل میں 19 ماہ گزارنے کے بعد وطن پہنچنے پر ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے پسندیدہ فنکاروں کو دیکھنے بھارت جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close