انٹرٹینمنٹ

تین ناکام محبتوں کے بعد ایمی جیکسن کی ارب پتی شخص سے منگنی

حال ہی میں بھارت کی سب سے مہنگی فلم ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ میں جلوے دکھانے والی اداکارہ 28 سالہ ایمی جیکسن نے تین ناکام محبتوں کے بعد منگنی کرلی۔

برطانوی نژاد ایمی جیکسن نے نومبر 2018 میں ریلیز ہونے والی رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم ’ٹو پوائنٹ زیرو‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

نوجوان اداکارہ عمر میں خود سے کافی سال بڑے اداکار رجنی کانت کے ساتھ رومانس کرتی دکھائی دی تھیں۔

سال نو کے موقع پر اداکارہ ایمی جیکسن نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے برطانوی ارب پتی نوجوان 31 سالہ جارج پنایوتو سے منگنی کرلی۔

اگرچہ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں واضح طور پر منگنی کا لفظ استعمال نہیں کیا، تاہم انہوں نے لکھا کہ سال نو یکم جنوری 2019 سے ان کی نئی زندگی کی شروعات ہوگئی۔

انہوں نے اپنے منگیتر ارب پتی جارج پنایوتو کے ساتھ رومانوی انداز میں تصویر بھی شیئر کی۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے بھی اپنی خبر میں بتایا کہ برطانوی نژاد بولی وڈ اداکارہ نے ارب پتی نوجوان سے منگنی کرلی۔

رپورٹ کے مطابق منگنی سے قبل دونوں کے دیگر افراد سے بھی تعلقات رہے۔ اداکارہ کے پریتیک ببر کے ساتھ بھی تعلقات رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کے تعلقات ایک سال سے تھے، تاہم دونوں نے اب منگنی کی۔

ساتھ ہی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایمی جیکسن نے ارب پتی نوجوان سے منگنی سے قبل ہی کم سے کم تین بار عشق کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایمی جیکسن نے کیریئر کے ابتدائی دور میں بولی وڈ اداکار پریتیک ببر سے تعلقات استوار کرلیے تھے، دونوں کی ملاقات فلم ’ایک دیوانہ’ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ اداکارہ ریان تھامسن کے ساتھ بھی تعلقات میں رہیں۔

ایمی جیکسن اور پریتیک ببر کے درمیان تعلقات زیادہ دیر تک نہ چل سکے اور دونوں میں علیحدگی ہوگئی، جس کے بعد اداکارہ نے برطانوی نژاد باکسر کے ساتھ تعلقات استوار کرلیے تھے۔

رپورٹس کے مطابق ایمی جیکسن نے پریتیک ببر کے بعد لیور پول کے باکسر جو سلیکرک کے ساتھ تعلقات استوار کیے اور دونوں میں اس وقت علیحدگی ہوگئی، جب باکسر نے اداکارہ کو ایک ہوٹل کے باہر تشدد کا نشانہ بنایا۔

بعد ازاں باکسر پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا، تاہم ان دونوں کے درمیان تعلقات ختم ہوگئے۔ اداکارہ مقابلہ حسن بھی جیت چکی ہیں۔

باکسر سے تعلقات ختم ہونے کے بعد ایمی جیکسن نے 2014 میں اداکار ریان تھومس کے ساتھ تعلقات استوار کرلیے، تاہم ان دونوں کے تعلقات بھی زیادہ دیر تک نہ چل سکے۔

رپورٹ کے مطابق تین ناکام عشقوں کے بعد ایمی جیکسن نے ایک سال قبل ہی ارب پتی برطانوی کاروباری شخص جارج پنایوتو سے تعلقات استوار کیے اور انہوں نے منگنی سے پہلے ہی اپنے تعلقات سے متعلق اعتراف بھی کیا تھا۔

جارج پنایوتو سے متعلق اطلاعات ہیں کہ ان کے برطانیہ میں کئی پرتعیش ہوٹل، نائٹ کلب اور ریزورٹس ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ جارج پنایوتو کے پاس 36 ارب روپے سے زائد ملکیت کے اثاثے ہیں۔

خیال رہے کہ ایمی جیکسن نے 2009 میں بطور ماڈل کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ مس ٹین ورلڈ بھی منتخب ہوئیں اور بعد ازاں مس انگلینڈ سمیت دیگر اعزازات بھی اپنے نام کیے۔ اداکارہ 20 کے قریب فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

مقابلہ حسن کے فوری بعد ایمی جیکسن کو تامل فلم ساز نے کام کی پیش کش کی اور یوں انہوں نے 2010 میں تامل فلم سے اداکاری کی شروعات کی۔

ایمی جیکسن اس وقت تک 20 کے قریب فلموں میں کام کر چکی ہیں، انہوں نے زیادہ تر تامل اور ہندی فلموں میں کام کیا، جب کہ وہ ایک انگریزی فلم میں بھی کام کر چکی ہیں۔

ایمی جیکسن نے امریکی سائنس فکشن ڈرامے ’سپر گرل‘ میں بھی اداکاری کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close