انٹرٹینمنٹ

اداکار شان شاہد کا پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر حکومتی پابندی کا خیرمقدم

کراچی: پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار شان شاہد نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر حکومتی پابندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستانی سینما کیلئے ایک اچھا اقدام قرار دیا ہے۔

گزشتہ روزوفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پرمکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا سینما ایگزیبیٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے بھارتی فلموں کے بائیکاٹ کے بعد اب کوئی بھی بھارتی فلم پاکستان میں ریلیز نہیں کی جائے گی۔

اداکارشان نے پاکستانی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب آگے بڑھنے کا وقت ہے، دشمن پڑوسی ملک کی فلموں پرانحصار کرنا کبھی بھی ہماری منصوبہ بندی نہیں تھی، ہم نے کبھی بھی اس بات پرانحصار نہیں کیا کہ بھارتی یہاں آئیں اور ہمارے ملک میں سینما بنائیں۔ ہم نے اپنے ملک میں اپنے سینما ہاؤسز بنائے، بالکل اسی طرح ہمیں بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کے بجائے اپنی خود کی فلمیں بنانی چاہئیں اورانہیں اپنے ملک میں ریلیز کرنا چاہیے۔

اداکار شان کے علاوہ پاکستان ٹی وی کے نامور اداکار فیصل قریشی نے بھی پاکستان میں بھارتی فلموں کی پابندی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے فواد چوہدری کے الفاظ دہرائے جس میں انہوں نے بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش پر پابندی کا اعلان کیا تھا اورپیمرا کو ہدایت دی تھی کہ وہ بھارت میں بننے والے اشتہارات کے خلاف بھی کارروائی کرے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close