انٹرٹینمنٹ

کرنسی اسمگلنگ کیس: ماڈل ایان علی اشتہاری قرار، اثاثے ضبط کرنے کا حکم

راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالت نے ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دے دیا۔ راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی اور عدالت نے ایان علی کی ایک مرتبہ پھر غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

اس دوران عدالت کا کہنا تھا کہ ملزمہ کو دو ماہ کا وقت دے چکے مگر وہ پھر بھی نہیں آئیں لہٰذا جائیداد کی تفصیلات بھی مہیا کی جائیں۔

عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ اشتہار ملزمہ کے گھر پر لگایا گیا تھا یا نہیں؟ ماڈل کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے اور جو پتہ دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے۔

اس پر انسپکٹر کسٹم اسامہ منعم نے کہا کہ میں جب کراچی گیا تو بتایا گیا کہ ماڈل بہت وقت سے یہاں آئی ہی نہیں ہیں۔

عدالت نے کہا کہ تمام گواہ بلائے جائیں تاکہ شہادتیں قلمبند کی جائیں اور سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ مجسٹریٹ تعینات کیا جائے جو ملزمہ کے فلیٹ کو فروخت کرنے سے روکنے کیلئے متعلقہ محکموں کو پابند کرے۔

ماڈل کے دونوں ضامن شوکت عباس اور محمد عدالت میں پیش ہوئے جب کہ عدالت نے مزید کارروائی کیلئے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

عدالت نے وکلاء اور پراسیکیوٹر سے ملزمہ کے کیس کی تمام تفصیلات اکٹھی کیں اور ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ملزمہ کے اثاثہ جات ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے۔

کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ایان علی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور کیس کی سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close