انٹرٹینمنٹ

ایوارڈ تنازعے میں ایمان علی بھی کود پڑیں

کراچی: لکس اسٹائل ایوارڈ تنازع ہرگزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جارہاہے اور اب اس تنازعے میں نامور ماڈل واداکارہ ایمان علی بھی کود پڑی ہیں۔

لکس اسٹائل ایوارڈ 2019 کی مختلف کیٹیگریز میں نامزد ہونے والے متعدد فنکاروں نےجنسی ہراسانی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے احتجاجاً ایوارڈ انتظامیہ سے اپنی نامزدگی واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ کچھ فنکاروں نے ایوارڈز کا ہی بائیکاٹ کردیا تاہم پاکستان کے معروف ہدایت کار جامی نے تو گزشتہ روز احتجاجاً اپنا ایوارڈ ہی گھر سے باہر سڑک پر رکھ دیا تھا۔

تاہم کچھ فنکار ایوارڈز کی حمایت میں بھی سامنے آئے ہیں جن میں نامور پاکستانی ماڈل و اداکارہ ایمان علی شامل ہیں۔ ایمان علی نے حال ہی میں لکس اسٹائل ایوارڈ کا بائیکاٹ کرنے والے فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے اسے راتوں رات شہرت حاصل کرنے کا طریقہ قرار دیا ہے۔

ایمان علی نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے’’ہم لوگ بہت جلدی چیزوں کے بارے میں رائے قائم کر لیتے اور فوراً نتائج اخذ کرتے ہیں، خاص طور پر سوشل میڈیا کے اس دور میں۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے بہت آسانی سے تنازع کا حصہ بن کر راتوں رات شہرت حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے کسی کی بھی زندگی اور کام کو منٹوں میں تباہ کیاجاسکتا ہے۔

ایمان علی نے مزید لکھا کہ شہرت وعزت وقت اورکڑی محنت سے کمائی جاتی ہے نہ کہ کوئی بچکانہ حرکت کرکے یا سوشل میڈیا پر کوئی ایسی پوسٹ شیئر کرکے جس میں آپ خود ہی منصف بن جائیں۔‘‘

ایمان علی کی اس پوسٹ پر لکس اسٹائل ایوارڈ کا سب سے پہلے بائیکاٹ کرنے والی ماڈل ایمان سلیمان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ سب محنت سے حاصل کیا ہے لیکن مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ آپ نے ہماری محنت اور کوشش کو ہی مسترد کردیا۔

واضح رہے کہ لکس اسٹائل ایوارڈ 2019 میں نامزد ہونے والے زیادہ تر فنکاروں نے گلوکارہ میشاشفیع کی حمایت میں ایوارڈز کا بائیکاٹ کیا ہے، میشا شفیع نے گزشتہ برس گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایاتھا۔ ایوارڈ کا بائیکاٹ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ کسی ایسے شخص کے ساتھ نامزد ہونا نہیں چاہتے جو جنسی ہراسانی جیسے فعل میں مبتلا ہو۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close