انٹرٹینمنٹ

شاہ رخ خان نے زندگی کی 51 بہاریں دیکھ لیں

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے  کنگ شاہ رخ خان آج اپنی 51 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان آج ہی کے دن 1965 میں نئی دلی میں پیدا ہوئے جب کہ ان کے والد تاج محمد کا تعلق پاکستان کے شہر پشاور سے تھا تاہم وہ قیام پاکستان سے قبل ہی بھارت منتقل ہوگئے تھے۔ بالی ووڈ  کنگ نے 1992 میں ریلیز ہونے والی فلم’’دیوانہ‘‘ سے اپنی فنی کیرئیر کا آغاز کیا جب کہ  1995 میں ریلیز ہونے والی فلم’’کرن ارجن‘‘  نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا جس کے بعد کنگ خان نے مڑکر پیچھے نہیں دیکھا اور ایک کے بعد ایک کامیاب فلمیں انڈسٹری کو دیتے آرہے ہیں۔

بالی ووڈ  اداکار  کی بلاک بسٹر فلموں میں ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘،’’دل تو پاگل ہے‘‘،’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘،’’محبتیں‘‘،’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘،’’دیوداس‘‘،’’کل ہو ناہو‘‘،’’میں ہوں نا‘‘،’’ویر زارا‘‘، ’’سوادیس‘‘،’’کبھی الوداع نہ کہنا‘‘،’’ڈان‘‘،’’چک دے انڈیا‘‘،’’اوم شانتی اوم‘‘،’’مائی نیم از خان‘‘،’’جب تک ہے جاں‘‘،’’چنائی ایکسپریس‘‘ اور ’’ہیپی نیو ائیر‘‘ شامل ہیں جب کہ انہوں نے کئی قومی اور فلمی اعزاز اپنے نام کیے ہیں یہی نہیں ان کے فن کی خدمات کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گیا اور  متعدد بین الاقوامی یونیورسٹیز نے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگریوں سے بھی نوازا ہے۔

بالی ووڈ کے اداکار شاہ رخ خان اپنے پورے فلمی کیرئیر میں مختلف کرداروں میں جلوہ گر ہوئے اور ہر کردار میں ڈوب کر اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ انہوں نے رومانوی کردار اس بخوبی انداز میں فلمائے کہ لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے بعد اب انہیں فلم نگری کا ’’شہنشاہ رومانیت‘‘ کہا جا تا ہے۔

شاہ رخ خان سے فلموں میں جاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ باکس آفس پر بھی مقابلہ کرنا کسی بھی بڑے اداکار کے لیے ناممکن ہے جب کہ ان کی فلموں نے ہر دفعہ باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کر کے انہیں اداکاری ہی نہیں باکس آفس کا بھی ’’کنگ‘‘ ثابت کیا ہے۔

شاہ رخ خان  نے اپنی 51 ویں سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں کے بے پناہ پیار اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیاجب کہ ان کی ایک جھلک دیکھنے  کے لیے مداحوں کی بڑی تعداد رات سے ہی ان کے گھر کے باہر موجود ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close