انٹرٹینمنٹ

عالمی فیض میلے کا آغاز 18 نومبر سے

عالمی فیض میلہ گزشتہ کئی برس سے فیض فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقد کیا جارہا ہے جس کا اتنظام فیض کے اہل خانہ کے پاس ہے۔

ان کی بیٹیاں سلیمہ ہاشمی (معروف مصورہ)، منیزہ ہاشمی اور عدیل ہاشمی (اداکار) اس میلے کا انعقاد کرتے ہیں جس کا مقصد فیض کی متاثر کن شاعری اور ان کے کام کو خراج تحسین پیش کرنا اور دنیا بھر میں شاعری کے ذریعہ فیض کے پیغام محبت و امن کو پھیلانا ہے۔

لاہور کے الحمرا ہال میں 18 نومبر سے شروع ہونے والے اس 3 روزہ میلے میں فنکاروں اور سماجی شخصیات سمیت ملک بھر سے فن و ادب کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

گزشتہ برس عالمی فیض میلے میں بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ نے بھی شرکت کی تھی۔ رواں برس پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کسی بھارتی فنکار کی شرکت کا امکان تو نہیں، تاہم اس میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے فیض کے چاہنے والوں کو مدعو کیا جائے گا۔

میلے میں شام موسیقی اور پاکستانی فلموں کی نمائش کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

فیض احمد فیض اردو شاعری کا ایک ایسا اہم نام ہیں جن کی شاعری میں انقلابیت کے ساتھ رومانویت اور عشق کے نازک موضوعات بھی ملتے ہیں۔ فیض کو سنہ 1951 میں راولپنڈی سازش کیس میں گرفتار بھی کیا گیا تاہم بعد میں انہیں ملک کے سب سے بڑے سول اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا۔

انہیں بے شمار بین الاقوامی اعزازات بھی ملے جن میں سے ایک سوویت یونین کا لینن انعام بھی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close