انٹرٹینمنٹ

سابق شوہر نے ریپ کروانے کی دھمکیاں دیں، اداکارہ امبر ہرڈ

لندن :  اداکارہ امبر ہرڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ جونی ڈیپ نے قتل اور دوسروں سے ’ریپ‘ کروانے کی دھمکیاں دیں

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امبر ہرڈ 20 جولائی کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے لندن کی ہائی کورٹ پہنچیں۔

اداکارہ امبر ہرڈ نے لندن کی ہائی کورٹ میں اپنے سابق شوہر جونی ڈیپ کے خلاف بیان میں بتایا کہ انہیں سابق شوہر قتل اور دوسرے مرد حضرات سے ریپ کی دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں۔

اس سے قبل ان کے سابق شوہر جونی ڈیپ نے مذکورہ عدالت میں اپنے بیانات ریکارڈ کروائے تھے، جس میں انہوں نے امبر ہرڈ کی جانب سے تشدد کے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتےہوئے سابق بیوی پر کئی الزامات لگائے تھے۔

امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ نے 2015 میں شادی کی تھی، دونوں میں 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

یہ کیس اگرچہ براہ راست امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان نہیں ہے، تاہم اس کیس کا مرکزی نقطہ دونوں کے تعلقات، شادی اور دونوں میں تشدد کی وجہ سے طلاق ہیں۔

یہ کیس جونی ڈیپ کی جانب سے برطانوی اخبار دی سن کے خلاف 2018 میں دائر کیا گیا تھا۔

اداکار نے اپریل 2018 میں برطانوی اخبار ‘دی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

’دی سن‘ نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ شخص قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کو ایک مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

جونی ڈیپ نے اخبار کے خلاف برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اخبار کے خلاف 2 لاکھ یورو ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

اسی کیس کو خارج کروانے کے لیے دی سن نے عدالت میں درخواست بھی دائر کی تھی مگر عدالت نے اخبار کی درخواست مسترد کردی تھی۔

مذکورہ کیس میں جونی ڈیپ کی حمایت میں متعدد خواتین نے بھی بیانات ریکارڈ کرواتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی اداکار کو تشدد کرتے نہیں دیکھا۔

اسی کیس کی پہلی سماعت میں 7 جولائی کو جونی ڈیپ نے ایک بار پھر سابق بیوی امبر ہرڈ پر تشدد کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ ان سے نصف عمر چھوٹی اداکارہ نے ایجنڈا کے تحت ان سے شادی کرکے دولت اور شہرت بٹوری۔

اداکار نے امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الٹا انہیں سابق بیوی تشدد کا نشانہ بناتی تھی۔

سات جولائی کے بعد جونی ڈیپ نے 14 جولائی تک اپنے بیانات اور قسم نامے مکمل کیے اور انہوں نے ہر سماعت میں امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سابق بیوی ان پر تشدد کرتی رہی ہیں۔

سماعتوں کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ جونی ڈیپ نے امبر ہرڈ کو 2013 سے 2016 تک مختلف ممالک اور مواقع پر کم از کم 14 بار تشدد کا نشانہ بنایا

سماعتوں کے دوران عدالت کو یہ بھی آگاہ کیا گیا تھا کہ جونی ڈیپ سے شادی کے ابتدائی ایام میں ہی امبر ہرڈ نے کاریں اور سائنسی آلات بنانے والی نجی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک سے ناجائز تعلقات استوار کرلیے تھے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ امبر ہرڈ نے ایلون مسک کے علاوہ ایک اور ساتھی اداکار جیمز فرانکو سے بھی شادی کے فوری بعد ہی تعلقات استوار کرلیے تھے۔

جونی ڈیپ کی جانب سے بیانات مکمل کیے جانے کے بعد 20 جولائی کو امبر ہرڈ نے پہلی بار اپنے بیانات ریکارڈ کروائے اور وہ کم از کم مزید تین دن تک اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں گی۔

رائٹرز کے مطابق امبر ہرڈ نے عدالت میں اپنے بیانات ریکارڈ کرواتے ہوئے دعویٰ کیا کہ متعدد بار جونی ڈیپ نے انہیں اس قدر شدید تشدد کا نشانہ بنایا کہ انہیں لگتا تھا کہ وہ مر جائیں گی۔

اداکارہ نے عدالت میں اپنے تحریری بیان میں الزامات عائد کیے کہ جونی ڈیپ نے انہیں متعدد بار قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں اور انہیں اس قدر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا کہ وہ بے حال ہوجاتی تھیں۔

اداکارہ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں جونی ڈیپ بدترین جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے تھے اور انہیں کہتے تھے کہ ان کے تعلقات اس وقت ہی ختم ہوسکتے ہیں جب امبر ہرڈ کی موت ہوگی۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ سابق شوہر ان کے چہرے پر تشدد کرتے تھے، انہیں سر پر بھاری چیزیں مارتے تھے، انہیں گھسیٹتے تھے، ان کے سر کے بالوں کو نوچتے تھے اور ان کے جسم پر وزنی چیزوں سے حملہ کرتے تھے۔

امبر ہرڈ کے مطابق جونی ڈیپ نے انہیں متعدد بار دوسرے مرد حضرات سے ’ گینگ ریپ‘ کروانے کی دھمکیاں بھی دیں۔

اداکارہ نے ایک واقعے کو یاد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک طیارے میں سفر کے دوران سابق شوہر نے انہیں دھمکی دی کہ فلائٹ سے اترتے ہی وہ لوگوں کو بلائیں گے جو امبر ہرڈ کا ’ریپ‘ کریں گے۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ جونی ڈیپ انہیں ان کی ٹانگیں تڑوانے کی دھمکیاں دینے سمیت ان کے چہرے کو بری طرح زخمی کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے تھے تاکہ بعد میں کوئی بھی اداکارہ کی خوبصورتی دیکھ کر ان سے پیار نہ کرے۔

اسی کیس میں امبر ہرڈ مزید بیانات ریکارڈ کروائیں گی، جس کے بعد دیگر کچھ افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ لندن کی عدالت جولائی کے آخر تک سماعتیں مکمل کرنے کے بعد فیصلے پر غور کرے گی۔

شادی کے محض 15 ماہ بعد ہی امبر ہرڈ نے شوہر پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے مئی 2016 میں طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 کے اوائل میں طلاق ہوگئی تھی۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close