انٹرٹینمنٹ

معروف انڈین اداکار اوم پوری چل بسے

بالی وڈ کے مشہور فلمی اداکار اوم پوری دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 66 برس تھی۔

اوم پوری کا انتقال ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

اوم پوری 18 اکتوبر 1950 کو انڈین صوبے ہریانہ کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے بالی وڈ کے علاوہ پاکستانی اور برطانوی فلموں میں بھی کام کیا۔

ان کی تازہ ترین پاکستانی فلم ‘ایکٹر ان لا’ تھی، جس میں انھوں نے فہد مصطفیٰ کے والد کا اہم کردار ادا کیا تھا۔

اوم پوری مشکل کردار ادا کرنے کے ماہر سمجھے جاتے تھے، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے زیادہ تر آرٹ فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے۔

بالی وڈ کی معروف شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

بالی وڈ کے اداکار انوپم کھیر نے ان کی موت پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹ کی: ‘انھیں بستر پر یوں پرسکون انداز میں لیٹے دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ ہمارے عظیم ترین اداکاروں میں سے ایک اوم پوری اب نہیں رہے۔’

اطلاعات کے مطابق جمعے کی صبح دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان کا انتقال ہوا۔

اوم پوری بالی وڈ کی ہرفن مولا شخصیت کے طور پر معروف تھے۔ کئی فلموں میں ان کی بہترین اداکاری کے لیے انھیں ایوارڈ سے نوازا گيا۔

فلم ‘اردھ ستیہ’ ‘جانے بھی دو یاروں’ اور ‘پار’ جیسی فلموں میں اپنے زبردست کرداروں کے سبب وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔ انھوں نے بہت سی ایسی فلمیں کیں جنھیں بہترین سنیما کہا جا سکتا ہے۔

انھوں نے ‘فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا’ سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اس سے قبل دہلی کے ‘نیشنل سکول آف ڈراما’ سے بھی انھوں نے تربیت لی تھی جہاں پر معروف اداکار نصیرالدین شاہ ان کے ساتھی طلبا میں سے ایک تھے۔

فلم انڈسٹری سے وابستہ مختلف فنکاروں کا کہنا ہے کہ وہ ایک اچھے اداکار کے ساتھ ساتھ بہترین انسان اور لوگوں کی پسندیدہ شخصیت تھے۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close