انٹرٹینمنٹ

تبوکی 17سال بعد’گول مال’کے ساتھ کامیڈی فلم میں واپسی

حیدر’ اور ‘مقبول’ سمیت کئی بہترین فلموں میں سنجیدہ کردار نبھانے کے بعد بولی وڈ اداکارہ تبو ایک مرتبہ پھر اپنی کامیڈی اداکاری سے شائقین کو ہنسانے کے لیے تیار ہیں۔

بولی وڈ کی معروف اداکارہ تبو ہدایت کار روہت شیٹی کی کامیاب فلم سیریز ‘گول مال’ کے چوتھے حصے میں اداکار اجے دیوگن، پرینیتی چوپڑا اور ارشد وارثی کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔

تبو کی آخری کامیڈی فلم ‘ہیرا پھیری’ 17 سال قبل 2000 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پاریش راول نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس خبر کی تصدیق بھی کی۔

جب ایک انٹرویو میں کیریئر میں اس تبدیلی کے حوالے سے تبو سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ‘اگر میں ایک انداز کی فلموں میں کام کر رہی ہوں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ مجھے باقی کردار پسند نہیں، ایک فنکار ہونے کے باعث میں ہر طرح کا کام کروں گی، اگر مجھے گول مال 4 میں کردار کی پیشکش ہوئی تو میں وہ بھی ضرور کروں گی’۔

اتنے طویل عرصے میں کسی کامیڈی کردار میں جلوہ گر نہ ہونے کے سوال پر تبو نے کہا کہ ‘میں وہ کردار ادا کرتی ہوں، جو مجھے متاثر کرے، میری کوئی خاص ترجیح نہیں، لوگ ہمیشہ آپ کو اس کردار میں منتخب کرتے جس میں آپ اچھے لگتے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ کچھ کرداروں سے مجھے ملایا جاتا ہے، تاہم یہ بھی بہترین بات ہے کہ روہت شیٹی جیسے ہدایت کار نے مجھے گول مال فلم میں کاسٹ کیا’۔

خیال رہے کہ فلم ‘گول مال 4’ کی عکس بندی کا آغاز اگلے ماہ سے کیا جائے گا، جسے رواں سال دیوالی پر ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close