Featuredپنجاب

لوگ جعلی ڈرامے، انقلاب اور سازش کو پہچان گئے ہیں

عوام آپ کے جھوٹے خط اور جعلی انقلاب کو سمجھ گئے ہیں ، جس کو انقلاب کا نام دیا گیا وہ انقلاب نہیں انتشار تھا

مریم نواز نے شہید پولیس اہلکار کے گھر پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکار کو تحریک انصاف کے ایک رکن نے شہید کر دیا تھا اور شہید اہلکار کے اہل خانہ سے مل کر آئی ہوں جس کا خون عمران خان کے سر ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ شہید اہلکار کی بیوہ نے کہا ان کے پاس گھر نہیں تو شہباز شریف نے اس بیوہ سے فون پر بات کی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت انہیں گھر دے گی، وزیراعظم نے شہید اہلکار کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

مریم نوازنے کہا کہ جس کو انقلاب کا نام دیا گیا وہ انقلاب نہیں انتشار تھا اور لوگ جعلی ڈرامے، انقلاب اور سازش کو پہچان گئے ہیں، حقیقی انقلاب کا سفر تو اپنے گھر سے شروع ہوتا ہے۔ عمران خان آزادی دلانی ہے تو پہلے اپنے بچوں کو لندن سے لائیں۔

نائب صدر نے کہا کہ 25 لاکھ کا دعویٰ کرنے والے 20 ،50 ہزار بندے اکٹھے نہیں کر سکے اور لوگ پوچھتے ہیں آپ نے 4 سال کیا کیا ؟ عوام آپ کے جھوٹے خط اور جعلی انقلاب کو سمجھ گئے ہیں جبکہ پورے خیبر پختونخوا سے عمران خان کے لیے 20 ہزار افراد بھی نہیں نکلے۔

مریم نوازنے کہا کہ عمران خان کی طرف سے 6 دن کا الٹی میٹم خفت مٹانے کے لیے ہے، عمران خان پشاور کے بنکر میں بندے ڈھونڈنے گئے ہیں؟ کل رات تک ہر چیز کنٹرول میں تھی اور سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد انہیں کھلی آزادی ملی اور ان کے انتشار کا ایجنڈا ایکسپوز ہوا، ان ریمارکس سے افسوس ہوا کہ شاید عمران خان تک درست پیغام نہیں پہنچا، سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کریں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ انہوں نے دارالحکومت کو آگ لگائی، ان کو پتہ تھا یہ ڈی چوک میں نہیں آ سکتے اور ان کو معلوم تھا عدالت نے انہیں ایف نائن تک مختص کیا ہے، ڈی چوک میں جو ہوا سب کے کیمرے وہاں موجود تھے، ہم نے وہ ویڈیو بھی دیکھی کہ پی ٹی آئی کی ایک خاتون ورکر پولیس اہلکار کو مسلسل گالی دے رہی تھی۔

نائب صدر نے کہا کہ ریاست مدینہ کا دعویدار جلسوں میں خواتین پر جملے کستا ہے ، قوم نے عمران خان کو ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔ کانسٹیبل پر گولی چلانے والوں پر مقدمہ درج ہونا چاہیے اور جن کے گھروں سے اسلحہ نکلا ان کے خلاف بھی پرچے ہونے چاہئیں، اسلام آباد میں جلاؤ گھیراؤ عمران خان اور شیخ رشید کی تعلیمات پر کیا گیا، پنجاب کے عوام نے ان کو مکمل مسترد کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مزید کہا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں نہ بڑھائی گئیں تو ملک دیوالیہ ہو سکتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close