Featuredسندھ

اسٹیٹ بینک نے پرانے کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کی تاریخ میں توسیع کردی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پرانے کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کردی ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک ملک میں کرنسی نوٹوں کے اجرا کا واحد سرکاری ادارہ ہے، ادارے کا مقصد ملک بھر میں اچھے معیار کے کرنسی نوٹوں کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک مارکیٹ سے گندے اور ناکارہ نوٹوں کو اکٹھا کرتا ہے اور ان کی جگہ نئے نوٹ فراہم کرتا ہے جس کے لئے اسٹیٹ بینک دیگر مرکزی بینکوں کی طرح وقتاً فوقتاً کرنسی نوٹوں کی نئی سیریز جاری کرتا ہے اور وفاقی حکومت کی منظوری سے پرانی سیریز کو ختم کرتا ہے۔

مرکزی بینک کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ نئی سیریز کا اجرا اور پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کو ختم کرنے سے مرکزی بینکوں کو جعل سازی کو روکنے اور گردش میں بینک نوٹوں کی سالمیت کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز 2005 سے 2008 تک جاری کی گئی تھی اور پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کو آہستہ آہستہ گردش سے ہٹا دیا گیا تھا اس لیے وفاقی حکومت نے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ نوٹ یکم دسمبر 2016 سے قانونی ٹینڈر کے لیے ختم ہوگئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 100 ،50 ، 10اور 1000 روپے کے پرانے نوٹوں کی تبدیلی کی تاریخ میں 31 دسمبرتک توسیع کی گئی ہے، عوام پرانے نوٹ اسٹیٹ بینک آفس آکر تبدیل کروا سکتے ہیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پرانے ڈیزائن والے نوٹ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، سیالکوٹ، سکھر، بہاولپور، مظفر آباد اور ڈی آئی خان میں واقع اسٹیٹ بینک کے دفاتر سے تبدیل کرائے جاسکتے ہیں، 31 دسمبر کے بعد 100 ،50 ، 10اور 1000 کے پرانے نوٹ قابل استعمال نہیں ہوں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close