Featuredاسلام آباد

بنی گالا پر چھاپے سے پہلے اجازت لی جائے : رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے آئی جی اسلام آباد کو بنی گالا پر چھاپہ مارنے سے روک دیا۔

وزیر داخلہ نے سعودی عرب سے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر سے ٹیلیفون پر رابطہ کرتے ہوئے شہباز گل کیس سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا پر چھاپے سے روک دیا، جبکہ شہباز گل کے ڈرائیور کی بیوی کی گرفتاری پر بھی آئی جی اسلام آباد سے اظہار ناراضگی کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نے وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیور بنی گالا میں ہے، گرفتاری کیلئے چھاپے کی ضرورت ہے، جس کے جواب میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بنی گالا کے مکینوں سے ملزم ڈرائیور کی حوالگی سے متعلق معاملہ طے کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ عدم تعاون پر مجھے آگاہ کیا جائے اور بنی گالا پر چھاپے سے پہلے اجازت لی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شہباز گل کا لیپ ٹاپ اور موبائل برآمد کرنے کیلئے ڈرائیور کو ہر صورت پکڑا جائے، چھاپے کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کا مکمل خیال رکھا جائے، گرفتاری اور شواہد اکٹھا کرنے کے دوران قانون کی مکمل پاسداری کی جائے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ گھریلو خواتین کو گرفتار کرنا ہماری حکومت یا مسلم لیگ (ن) کی پالیسی اور روایت نہیں، ایسے کسی بھی عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کی جا سکتی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close