Featuredاسلام آباد

عمران خان نے پہلے فوج کے خلاف بات کی ، جب بیان گلے پڑ گیا تو کہتے ہیں میں نے تعمیری تنقید کی

اسلام آباد : عمران خان منصوبے کے تحت اداروں کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں

پریس کانفرنس سے خواجہ آصف نے خطاب میں کہا کہ افواج پاکستان میں تمام تعیناتیاں میرٹ پر ہوتی ہیں ، عمران خان بتائیں کب آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر نہیں ہوئی؟ تحریک انصاف اداروں کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے پہلے فوج کے خلاف بات کی۔ پھر جب بیان گلے پڑ گیا تو کہتے ہیں میں نے تعمیری تنقید کی۔ آرمی چیف کی تقرری آئین میں واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران کے ساتھیوں سے اس متعلق اگر پوچھا جائے تو وہ کہتے ہیں کہ ہم نے بیان سنا ہی نہیں۔ صدر مملکت نے بھی عمران خان کے بیان کی مخالفت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان میں تمام تعیناتیاں میرٹ پر ہوتی ہیں۔ عمران خان بتائیں کب آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر نہیں ہوئی؟ عمران خان نے ہماری تقرری کی توثیق کی تھی۔ عمران خان نے چار سال میں سب سے زیادہ آرمی چیف کی تعریف کی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف اداروں کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے۔ اداروں کے خلاف غیر سنجیدہ گفتگو کرنا کسی بھی شخص کو زیب نہیں دیتا۔ سوچی سمجھی اسٹریٹجی کے تحت بیانات دیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھائے کہ کیا عمران خان نے اپنے دور میں تقرریاں میرٹ پر کیں؟ کیا توشہ خانہ کے تحائف بیچنا میرٹ ہے؟ کیا ادویات، چینی اور گندم اسکینڈل کی تفتیش میرٹ پر کی گئی؟ ساڑھے 3سال کون سی ٹرانزیکشن میرٹ پر کی؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ عثمان بزدار اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی نامزدگی میرٹ پر ہے؟ عمران خان ہیروں سے متعلق جواب نہیں دیتے کیا یہ میرٹ ہے؟ نیشنل کرائم ایجنسی نے برطانیہ سے 180 ملین پاؤنڈ بھیجے، کس کو گئے؟ کیا اس شخص کے ہاتھ صاف ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلی حکومت میں کسی کرپشن کی تحقیقات میرٹ پر نہیں کی گئی۔ نواز شریف اور ان کی بیٹی نے 200 پیشیاں بھگتی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close