Featuredاسلام آباد

عام انتخابات سے پہلے معاشی استحکام اور بہتری لائیں گے، اسحاق ڈار

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اللہ نے بنایا اور اس کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی بھی اللہ تعالی کے ذمے ہے، اتحادی جماعتوں کی حکومت اگلے انتخابات تک بہتری لانے کی خواہاں ہے۔

گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اپریل میں حکومت سنبھالی تو وزیر اعظم شہباز شریف کو متعدد چیلنجز ملے، لیکن وزیراعظم ان چینلجز سے بہادری کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ وہی ملک ہے جس کے بارے میں 2013 میں بھی کہا گیا تھا کہ ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے اور نئی حکومت بہت جلد ملک ڈیفالٹ ہونے کا اعلان کرے گی، بدقسمتی سے 2018 کے بعد ایک بار پھر ہم آج دوبارہ اسی جگہ کھڑے ہیں، پاکستانی قوم آج پاناما کے ڈرامے کے بعد نوازشریف کو نااہل کرنے کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ 5 سال میں جو تباہی ہوئی اس کی وجہ سے پاکستانی معیشت دلدل میں ہے، یہ موجودہ حکومت نے نہیں کیا، اس کی تحقیقات ہونی چاہئے کہ یہ کیوں ہوا اور کس نے کیا، اس کا احتساب ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم عام انتخابات سے پہلے معاشی استحکام اور بہتری لائیں گے، حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتیں آئندہ انتخابات تک بہتری لانے کی خواہاں ہیں، بہت جلد اس معاشی دلدل سے نکل جائیں گے، پاکستان ترقی کرے گا، ہماری پوری ٹیم دن رات محنت کررہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں رہنے کے لیے قائم کیا ہے، یہ واحد ملک ہے جو کلمہ شریف کے نام پر بنا تھا، حتی کہ سعودی عرب کلمہ شریف کے نام پر نہیں بنا، اس ملک کو اللہ نے بنایا ہے اور اس کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی بھی اللہ تعالی کے ذمے ہیں، ہمیں بحیثیت قوم سخت محنت کرنا ہوگی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close