Featuredاسلام آباد

ضمنی الیکشن میں ہر نشست پر پی ٹی آئی اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی، حکمت عملی تبدیل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کسی بھی ضمنی الیکشن میں تمام نشستوں سے حصہ نہیں لیں گے، بلکہ ہر نشست پر پی ٹی آئی اپنا امیدوار دے گی تاکہ کامیابی کی صورت میں قومی اسمبلی میں واپسی ممکن ہو۔

قومی اسمبلی میں واپس جانے کی کوشش میں تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے ایک اور یوٹرن سامنے آیا ہے، اور اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان تمام نشستوں سے حصہ نہیں لیں گے۔

پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اپنی حکمت عملی تبدیل کرلی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ہر نشست پر پی ٹی آئی اپنے امیدوارمیدان میں اتارے گی، تاکہ کامیابی حاصل کرکے قومی اسمبلی میں ہرممکن واپسی ہو۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ضمنی الیکشن کی نشستوں سے آوٹ ہونے کا فیصلہ اندرونی تنقید پر کیا گیا ہے، اور پارٹی رہنماؤں نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضمنی الیکشن کی تمام نشستوں پرعمران خان کی کامیابی کے بعد بھی قومی اسمبلی میں واپسی ممکن نہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں نے تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ دو بندوں کے کہنے پر اسمبلی توڑی گئی اور سب باہر ہوگئے، واپسی کے لئے حلقوں میں امیدواروں کا کھڑا کرنا ضروری ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں واپسی کی صورت ہی میں حکومت کو مرضی کا نگران سیٹ اپ بنانے سے روکا جا سکتا ہے، مرکز میں نگران سیٹ اپ سے پہلےقومی اسمبلی میں پی ٹی آئی اپنا اپوزیشن لیڈر لانا چاہتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close